سینیٹ ویڈیو اسکینڈل؛ (ن) لیگ کی درخواست الیکشن کمیشن میں سماعت کے لیے مقرر

ویب ڈیسک  جمعرات 18 فروری 2021
(ن) لیگ کے مرتضی جاوید عباسی کی درخواست پر 22 فروری کو سماعت ہوگی۔ فوٹو:فائل

(ن) لیگ کے مرتضی جاوید عباسی کی درخواست پر 22 فروری کو سماعت ہوگی۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی سینیٹ انتخابات میں ویڈیو اسکینڈل سے متعلق درخواست الیکشن کمیشن میں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق (ن) لیگ نے الیکشن کمیشن میں سینیٹ انتخابات میں ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے درخواست دی تھی، جو الیکشن کمیشن میں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے

(ن) لیگ کے مرتضی جاوید عباسی کی درخواست پر 22 فروری کو سماعت ہوگی، جب کہ درخواست پر سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ کرے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ن لیگ کی سینیٹ ویڈیو اسکینڈل تحقیقات کیلیے الیکشن کمیشن میں درخواست

درخواست میں چئیرمین تحریک انصاف عمران خان، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،  وزیر دفاع پرویز خٹک، چئیرمین پیمرا، ڈی جی ایف آئی کو بھی فریق بنایا گیا تھا۔ جب کہ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جو لوگ ویڈیو اسکینڈل میں ملوث ہیں ان کے خلاف کرپٹ پریکٹسز کے تحت کاروائی کی جائے۔

ویڈیو اسکینڈل

سینیٹ الیکشن 2018 میں ووٹ کے بدلے ضمیر کے سودے ہوتے رہے۔ سینیٹ الیکشن 2018 میں ایم پی ایز کی خرید و فروخت کی ویڈیو منظر عام پر آئی، جس میں ارکان اسمبلی کو پیسے وصول اور ادا کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں پی ٹی آئی ارکان نوٹوں کے ڈھیر کے سامنے بیٹھے دیکھے جا سکتے ہیں۔ 2018 میں پی ٹی آئی ارکان کروڑوں میں بکے اور ووٹ بیچنے پر پی ٹی آئی کے 20 ارکان کو فارغ کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔