نوجوت سدھو جلد پاکستان کا دورہ کریں گے

ذوالفقار بیگ  جمعرات 18 فروری 2021
کرتار پور راہداری میں بھارت اور پاکستان کے درمیان مقابلے ہوں گے، رانا سرور فوٹو: فائل

کرتار پور راہداری میں بھارت اور پاکستان کے درمیان مقابلے ہوں گے، رانا سرور فوٹو: فائل

 اسلام آباد: بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر و ممتاز سیاسی رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے مجوزہ انٹرنیشنل کبڈی مقابلوں کے موقع پر پاکستان آنے کی دعوت قبول کرلی۔

اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رانا سرور نے کہا کہ کبڈی کے ایونٹس قومی اور بین الاقوامی سطح پر تاحال بند ہیں، پاکستان کبڈی فیڈریشن جلد قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کا آغاز کرے گی، آئندہ ایشیاء اور کبڈی ورلڈ کپ پاکستان کو الاٹ ہوئے ہیں،سیف گیمز میں بھی کبڈی کا ایونٹ شامل کیا گیا ہے۔

رانا سرور نے کہا کہ ننکانہ صاحب انٹرنیشنل کبڈی ٹورنامنٹ اور کرتار پور راہداری میں بھارت اور پاکستان کے درمیان مقابلے ہوں گے، روزانہ کی بنیاد پر دونوں ٹیمیں وہاں مدمقابل ہوں گی،بھارتی ٹیم کے ساتھ معروف کرکٹر سدھو بھی آئیں گے، روزانہ میچ کے بعد بھارتی ٹیم واپس اپنے ملک چلی جائے گی اور پھر اگلے روز واپس آئے گی، دونوں ممالک کی کبڈی فیڈریشنز میں معاملات طے پاگئے ہیں۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، حکومت اور ملٹی نیشنل اداروں سے درخواست ہے کہ روایتی کھیل کی سرپرستی کریں، بھارتی پروکبڈی لیگ کا بجٹ 8 ہزار کروڑ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔