سلمان خان کی جانب سے ٹھکرائی گئیں 6 سپرہٹ فلمیں

ویب ڈیسک  بدھ 24 فروری 2021
فلموں کو بیچنے کے لیے سلمان خان کا نام ہی کافی ہے  سلومیاں کی کوئی فلم فلاپ بھی ہوتی ہے تو 100 کروڑ سے زائد کا بزنس لازمی کرتی ہے فوٹوفائل

فلموں کو بیچنے کے لیے سلمان خان کا نام ہی کافی ہے سلومیاں کی کوئی فلم فلاپ بھی ہوتی ہے تو 100 کروڑ سے زائد کا بزنس لازمی کرتی ہے فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کے سلومیاں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ جس فلم میں شامل ہوں اس کا سپر ہٹ ہونا تو طے ہے۔ فلموں کو بیچنے کے لیے سلمان خان کا نام ہی کافی ہے اور اگر سلومیاں کی کوئی فلم فلاپ بھی ہوتی ہے تو 100 کروڑ سے زائد کا بزنس لازمی کرتی ہے جس کی مثال ان کی 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ تھی جسے باکس آفس پر فلاپ قرار دیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود فلم کی اب تک کی کمائی 211 کروڑ ہے۔
ضروری نہیں کہ ہر سپر ہٹ فلم میں سلمان خان شامل ہوں۔ سلو میاں نے اپنے کیریئر میں کئی ایسی فلمیں ٹھکرائی ہیں جو ریلیز کے بعد بلاک بسٹر ثابت ہوئیں اور شائد سلمان خان ان فلموں کو ٹھکرانے پر آج پچھتارہے ہوں۔ آئیے دیکھتے ہیں سلمان خان کی جانب سے ٹھکرائی جانے والی سپر ہٹ فلمیں کون کون سی ہیں۔

دل والے دلہنیا لے جائیں گے

1995 میں ریلیز ہوئی فلم ’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘ بھارتی سینما کی بلاک بسٹر فلم ہے جو آج تک تھیٹر میں دکھائی جارہی ہے۔ اس فلم میں شاہ رخ خان اور کاجول نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔  بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم کے ہدایت کار آدیتیہ چوپڑا اس فلم میں سیف علی خان یا پھر سلمان خان کو مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔ تاہم ان دونوں اسٹارز نے فلم ٹھکرادی اور اس طرح ’’راج‘‘ کا مقبول ترین کردار شاہ رخ خان کے حصے میں آیا۔

گجنی

فلم ’’گجنی‘‘ 2008 کی بلاک بسٹر فلم تھی اس میں عامر خان نے سنجے سنگھانیا کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ عامر خان نے یہ فلم کرنے سے قبل سنجے سنگھانیا کے کردار کے لیے سلمان خان کا نام تجویز کیا تھا۔ لیکن سلمان خان نے اس فلم کو کرنے سے انکار کردیا تھا۔

کل ہو نا ہو

شاہ رخ خان، سیف علی خان اور پریتی زنٹا کی 2003 میں ریلیز ہوئی سپر ہٹ فلم ’’کل ہو ناہو‘‘ کو کون بھول سکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس فلم میں سیف علی خان والا کردار پہلے سلمان خان کو آفر ہوا تھا۔ تاہم سلمان خان نے اس کردار کو اس لیے ٹھکرادیا کیونکہ وہ شاہ رخ خان کے مقابل ثانوی کردار ادا نہیں کرنا چاہتے تھے۔

چک دے انڈیا

2007 میں ریلیز ہوئی فلم ’’چک دے انڈیا‘‘ شاہ رخ خان کے کیریئر کی یادگار فلم ہے جس میں کنگ خان نے ہاکی کوچ کا کردار اتنے بہترین انداز میں نبھایا ہے کہ ایسا لگتا ہے یہ کردار بنا ہی ان کے لیے تھا۔ لیکن شاہ رخ سے قبل کبیرخان کے کردار کی سلمان خان کو پیشکش ہوئی تھی۔ تاہم سلو میاں مصروفیت کے باعث اس کردار کو نہ کرسکے اور اس طرح یہ فلم بھی شاہ رخ خان کے حصے میں آگئی۔

بازیگر

1993 میں ریلیز ہوئی فلم ’’بازیگر‘‘ نے شاہ رخ خان کے کیریئر کو نہ صرف اونچائیوں پر پہنچایا بلکہ انہیں بالی ووڈ میں منفرد پہچان دلائی۔ فلم ’’بازیگر‘‘ میں شاہ رخ خان نے ہیرو کے بجائے منفی کردار کے ذریعے لوگوں کے دل جیتے اور یہ فلم کے ان کے شاندار کیریئر میں بہت اہم ثابت ہوئی۔ شاہ رخ خان سے پہلے یہ فلم سلمان خان کو آفر ہوئی تھی لیکن انہوں نے یہ فلم اسلیے ٹھکرادی کیونکہ اس وقت منفی کردار کرنا ان کے کیریئر کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا تھا۔

جوش

2000 میں ریلیز ہوئی فلم ’’جوش‘‘ میں مرکزی کردار شاہ رخ خان نے ادا کیا تھا اور ایشوریا رائے نے ان کی بہن کا کردار ادا کیا تھا۔ شاہ رخ خان سے پہلے یہ فلم بھی سلمان خان کو آفر ہوئی تھی لیکن بزی شیڈول کی وجہ سے وہ یہ فلم بھی نہ کرسکے۔

اب یہاں بات کرلیتے ہیں سلومیاں کی جانب سے ٹھکرائی جانے والی ان فلموں کی جو باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں رہیں یا ابھی تک ریلیز نہیں ہوئیں۔

زیرو

شاہ رخ خان کی 2018 میں ریلیز ہوئی فلم ’’زیرو‘‘ باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔ تاہم ایک پریس کانفرنس کے دوران شاہ رخ خان نے انکشاف کیا تھا کہ فلم کی آفر پہلے سلمان خان کو ہوئی تھی لیکن وہ ایک ایسے شخص کا کردار ادا نہیں کرنا چاہتے تھے جو جسمانی طور پر فٹ نہ ہو۔

انشااللہ

بہت عرصے سے میڈیا پر یہ باتیں گردش کررہی تھیں کہ سلمان خان ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’انشااللہ‘‘ میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔ اس فلم کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا گیا تھا۔ لیکن پھر خبریں آئیں کہ سلمان خان اور سنجے لیلا بھنسالی کا کسی بات پر جھگڑا ہوگیا ہے اور بات اس حد تک بڑھ گئی کہ سلمان خان نے یہ فلم کرنے سے ہی انکار کردیا۔ اس فلم میں عالیہ بھٹ سلمان خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے والی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔