ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے یا برقرار رکھنے کا فیصلہ آج متوقع

ارشاد انصاری  بدھ 24 فروری 2021
 پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی تمام 27 شرائط پر مکمل یا جزوی عمل درآمد کرلیا، ذرائع ۔ فوٹو : فائل

پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی تمام 27 شرائط پر مکمل یا جزوی عمل درآمد کرلیا، ذرائع ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نےپاکستان سے متعلق ایشیا پیسفک رپورٹ پر جائزہ مکمل کرلیا ہے جس کی روشنی میں آج پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے یا برقرار رکھنےکا اعلان متوقع ہے.

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سے متعلق ایشیا پیسفک رپورٹ پر ایف اے ٹی ایف کا جائزہ گزشتہ روز ہونیوالے ورچوئل اجلاس میں مکمل ہوگیا ہے، ایشیا پیسفک گروپ نے پاکستان کی رپورٹ پلینری اجلاس میں پیش کی تھی اورگزشتہ روز ایف اے ٹی ایف ممبر ممالک نے پاکستان سے متعلق ایشیا پیسفک رپورٹ کاجائزہ لیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف اجلاس میں ایشیا پیسفک گروپ کی رپورٹس پربحث مکمل ہونے کے بعداب پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے یا برقرار رکھنےکا فیصلہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے اعلان آج متوقع ہے جب کہ ایف اے ٹی ایف اجلاس میں زیر بحث آنے والی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران پاکستان نے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر تیزی سے عمل درآمد کیا ہے، پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی تمام 27 شرائط پر مکمل یا جزوی عمل درآمد کرلیا ہے اور 27 میں سے کوئی بھی شرط نامکمل نہیں رہی ہے اس لئے وزارت خزانہ کے حکام اچھی خبر کےلئے پر امید ہیں البتہ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے باضابطہ اعلان آج متوقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔