امریکا میں گرین کارڈ کے اجرا پرپابندی کا فیصلہ ختم

ویب ڈیسک  جمعرات 25 فروری 2021
 ٹرمپ نے کورونا وائرس کی وبا کے دور میں بڑھتی بے روزگاری پر قابو پانے کے لیے گرین کارڈ کے اجرا پرپابندی گزشتہ برس عائد کی تھی : فوٹو: فائل

ٹرمپ نے کورونا وائرس کی وبا کے دور میں بڑھتی بے روزگاری پر قابو پانے کے لیے گرین کارڈ کے اجرا پرپابندی گزشتہ برس عائد کی تھی : فوٹو: فائل

 واشنگٹن: صدر جو بائیڈن نے امریکا میں گرین کارڈ کے اجرا پر پابندی کا فیصلہ ختم کردیا۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے گرین کارڈ کے بہت سے درخواست گزاروں کوامریکا داخل ہونے پر پابندی سے متعلق فیصلے کو ختم کردیا۔  اس متعلق امریکی صدرجوبائیڈن نے کہا کہ اس پابندی سے امریکا کو فائدے کے بجائے نقصان اٹھانا پڑرہا ہے، اس پابندی کے نتیجے میں امریکی شہریوں اورجن افراد کو قانونی طور پر امریکا میں مستقل رہائش کا حق حاصل ہے وہ بھی آپس میں ایک دوسرے سے مل نہیں پارہے، اس پابندی سے امریکی صنعتوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے جو اپنے کام کے لیے دنیا بھر کی صلاحیتوں کا استعمال کرتی ہیں۔

امیگریشن سے متعلق کیلی فورنیا کے ایک وکیل کرٹس موریسن نے بائیڈن کے اس فیصلے پرخوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کسٹمرز کے لیے بہت خوش ہیں تاہم اگرانتظامیہ کی جانب سے سست روی کا مظاہرہ کیا گیا تو بحالی میں برسوں لگ سکتے ہیں۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس ملک میں کورونا وبا کے باعث  بڑھتی بے روزگاری پر قابو پانے کے لیے گرین کارڈ کے اجرا پر پابندی عائد کی تھی۔

واضح رہے کہ جوبائیڈن نے اقتدارسنبھالنے کے بعد پہلے ہی روز 13 ممالک کے شہریوں پرامریکا کے سفر پرعائد پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی امیگریشن سے متعلق صدر ٹرمپ کی سخت پالیسیوں پر نظر ثانی کا آغاز کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔