سمندری حدود کی خلاف ورزی پر 3 بھارتی کشتیاں ضبط، 17 ماہی گیر گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 26 فروری 2021
گرفتار بھارتی ماہی گیر ڈاکس پولیس کی تحویل میں (فوٹو : میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی)

گرفتار بھارتی ماہی گیر ڈاکس پولیس کی تحویل میں (فوٹو : میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی)

 کراچی: میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (ایم ایس اے) نے تین بھارتی کشتیاں قبضے میں لے کر ان پر سوار 17 ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایم ایس اے کے مطابق بھارتی ماہی گیر پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی کرکے غیر قانونی طور پر مچھلی کا شکار کر رہے تھے، میری ٹائم سیکیورٹی کے جہاز نے مشرقی میری ٹائم زون میں معمول کی گشت کے دوران ان کشتیوں کا سراغ لگایا اور ان پر سوار 17 ماہی گیروں کو گرفتارکرلیا۔

Indian fisherman arrest 2

ترجمان ایم ایس کے مطابق حالیہ دنوں میں یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ ہندوستانی ماہی گیروں کی پاکستانی سمندری حدود میں دراندازی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، ان بھارتی کشتیوں میں جی پی ایس نصب ہوتا ہے اس لیے پاکستانی سمندری حدود میں ان کی اتنے اندر تک موجودگی قابل تشویش ہے کیونکہ یہ کشتیاں کسی بھی غیر قانونی مقاصد کے لیے استعمال ہوسکتی ہیں۔

Indian fisherman arrest 3

ترجمان ایم ایس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے بعد گرفتار بھارتی ماہی گیروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ڈاکس پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔