’’سندھ میں کتوں کا راج ہے‘‘ کہو تو پیپلز پارٹی کو بہت تکلیف ہوتی ہے، خرم شیر زمان

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 26 فروری 2021
سندھ سے کتوں کا راج ختم کرنا بہت ضروری ہے، جب بھی کرپشن پر بات ہو تو سندھ حکومت بدمعاشی کرنے لگتی ہے، رہنما پی ٹی آئی (فوٹو : فائل)

سندھ سے کتوں کا راج ختم کرنا بہت ضروری ہے، جب بھی کرپشن پر بات ہو تو سندھ حکومت بدمعاشی کرنے لگتی ہے، رہنما پی ٹی آئی (فوٹو : فائل)

 کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ جب ہم کہتے ہیں کہ سندھ میں کتوں کا راج ہے تو پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو بہت تکلیف ہوتی ہے۔

انصاف ہاؤس سے جاری بیان میں خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اسمبلی ہی ایک پلیٹ فارم ہے، ہم یہاں مسائل نہیں اٹھائیں تو کہاں جائیں؟ ہمیں سندھ کے عوام نے اسی لیے منتخب کیا ہے کہ ہم ایوان میں ان کے مسائل پر آواز اٹھائیں لیکن اسمبلی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے اراکین اپوزیشن اراکین کو مارنے کے لیے کھڑے ہو گئے تھے اس لیے کہ انہیں تکلیف ہوتی ہے جب کوئی ان کی کرپشن سے پردہ اٹھاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  سندھ میں رواں سال کتوں کے کاٹنے کے 1200 سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں، جامشورو میں ڈھائی سال کی بچی کی کتوں کے کاٹنے کی وجہ سے جاں بحق ہوچکی ہے، سندھ حکومت نے کتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کروڑوں روپے سندھ کے خزانے سے لوٹے، جب کبھی ان کی کرپشن اور نااہلی پر آواز اٹھائی جاتی ہے تو سندھ حکومت بدمعاشی پر اتر آتی ہے۔

یہ پڑھیں : سندھ اسمبلی میں ہنگامہ، پی پی اور پی ٹی آئی ارکان کے درمیان ہاتھا پائی

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں کتوں کا راج ختم کرنا بہت ضروری ہے، سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے سندھ کے عوام کو خوف میں مبتلا کیا ہوا ہے، سندھ حکومت سگ گزیدگی کے خلاف مختص کردہ کروڑوں روپے کا حساب دے، ہم جاننا چاہتے ہیں کہ کتوں کے علاج پر خرچ ہونے والے کروڑوں روپے آخر کہاں گئے؟ پیپلز پارٹی دھونس دھمکیوں سے ہمیں ڈرا نہیں سکتی، ہم سندھ کے عوام کے مسائل اسمبلی سمیت ہر فورم پر اٹھاتے رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔