5 ماہ سے لاپتہ اے این پی بلوچستان کے ترجمان اسد خان اچکزئی کی لاش برآمد

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 فروری 2021
وہ 5 ماہ قبل ایئرپورٹ روڈ سے لاپتہ ہوئے تھے۔

وہ 5 ماہ قبل ایئرپورٹ روڈ سے لاپتہ ہوئے تھے۔

 کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے لاپتہ صوبائی پریس سیکرٹری اسد خان اچکزئی کی لاش برآمد ہوگئی۔

اسد خان اچکزئی کی لاش کوئٹہ کے علاقے نوحصار سے ملی۔ وہ 5 ماہ قبل ایئرپورٹ روڈ سے لاپتہ ہوئے تھے۔ عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدر اصغرخان اچکزئی نے اسد خان اچکزئی کی لاش ملنے کی تصدیق کی ہے۔

جناح روڈ ، قندھاری بازار اور منان چوک پر ا ے این پی کے کارکنوں نے لاپتہ صوبائی رہنما اسد اچکزئی کی لاش ملنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

عوامی نیشنل پارٹی نے تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی، صوبائی اور ضلعی دفاتر پر پارٹی پرچم سرنگوں رہیں گے۔

امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اسد خان اچکزئی کی گمشدگی اور آج ان کی لاش ملنا بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے، شہریوں کو تحفظ دینا ریاست اور متعلقہ اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے، اس قسم کے واقعات عوام کا قانون اور آئین سے اعتماد اور یقین کم کرنے کا باعث بن رہے ہیں، عوامی نیشنل پارٹی اس سانحے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے، ہم عدم تشدد کے پیروکار ہیں، کسی بھی صورت صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔