اسرائيلی مال بردار بحری جہاز پر پراسرار دھماکا

ویب ڈیسک  اتوار 28 فروری 2021
جہاز کو مرمت کے لیے دبئی ایئرپورٹ پر لنگر انداز کیا گیا ہے، فوٹو : اے ایف پی

جہاز کو مرمت کے لیے دبئی ایئرپورٹ پر لنگر انداز کیا گیا ہے، فوٹو : اے ایف پی

دبئی: خلیج عمان میں اسرائیل کے ایک مال بردار بحری جہاز میں پُراسرار دھماکا ہوا ہے تاہم حیران کن طور پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خليج عمان ميں اسرائيل کا ايک مال بردار بحری جہاز اپنی منزل کی جانب رواں تھا کہ اچانک زور دار دھماکا ہوا جس سے جہاز کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اسرائیل کے ایم وی ہیلیوس رائے نامی بحری جہاز کو دھماکے کے بعد دبئی کی بندرگاہ پر مرمت کے لیے لنگر انداز کیا گیا ہے جہاں مرمت کا کام جاری ہے تاہم ابھی تک دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے بحری جہاز میں دھماکے سے متعلق کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آٰیا تاہم امريکی دفاعی اہلکاروں کا دعویٰ ہے کہ یہ دھماکا يا ممکنہ حملہ بھی ہوسکتا ہے جیسا کہ ماضی میں ایران نے بحری جہازوں کو نشانہ بنایا تھا۔

واضح رہے کہ  2019 ميں بھی خليج عمان ميں آئل ٹينکرز پر حملے ہوئے تھے، جن کا الزام ايران پر عائد کيا گيا تھا۔ تاہم ايران نے ان حملوں سے قطعی لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔