آج تک تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں کل کا کچھ نہیں پتا! ایم کیوایم

اسٹاف رپورٹر  اتوار 28 فروری 2021
ایم کیو ایم نے تحریک انصاف سندھ کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت نہیں کی(فوٹو، فائل)

ایم کیو ایم نے تحریک انصاف سندھ کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت نہیں کی(فوٹو، فائل)

 کراچی:  ایم کیو ایم نے تحریک انصاف کے ظہرانے میں عدم شرکت پر وضاحتی بیان جاری کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان  تحریک انصاف سے مسلسل ناراض ہے کیوں کہ 3 سال میں وفاقی حکومت نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا جس پر ظہرانے میں شرکت نہیں کی تاہم گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم رابط کمیٹی کی جانب سے مشاورتی اجلاسمیں  حتمی طور پر فیصلہ نہیں ہوسکا۔ ذرائع کا کہناہے کہ پیپلزپارٹی نے یوسف رضا گیلانی کی حمایت پر سندھ میں 2 سینیٹ کی نشستوں کی پیشکش کی ہے تاہم ایم کیو ایم ابھی اس حوالے سے فیصلہ کرنے میں احتیاط کا مظاہرہ کررہی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: سینیٹ انتخابات؛ سندھ میں تحریک انصاف شدید مشکلات کا شکار

کنور نوید نے  کہا کہ آج تک تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن کل کا کچھ نہیں پتا۔ انہوں وضاحت کی ظہرانے کا دعوت نامہ تاخیر سے ملا ہماری کوئی ناراضگی نہیں جبکہ عامر خان نے ایک اجلاس میں کہا کہ ایم کیو ایم کے 7 ووٹ بڑی سیاسی جماعتوں کے مستقبل کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔ رابط کمیٹی کے اجلاس کے بعد فیصلہ کریں گے۔

ایم کیو ایم ارکان کی گورنر سندھ سے ملاقات

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی اور  گورنر سندھ کو اراکین اسمبلی کے سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا۔ایم کیو ایم کے وفد میں  رکن اسمبلی خواجہ اظہار الحسن اور فیصل سبزواری شامل تھے۔

ایم کیو ایم کے وفد نے گورنر سندھ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس نے اراکین اسمبلی سے سیکیورٹی واپس لے لی ہے، ان حالات میں سیکیورٹی واپس لینے پر تشویش ہے۔

گورنر ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق  وفد نے گورنر سندھ کو اراکین اسمبلی کے سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا اوروفد  نے گورنر سندھ کو وزیرِاعظم تک پیغام پہنچانے کی درخواست کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔