نائیجیریا میں اغواء ہونے والی 279 طالبات رہا

ویب ڈیسک  منگل 2 مارچ 2021
طالبات کو 26 فروری کو اغوا کیا گیا تھا، فوٹو: ٹوئٹر

طالبات کو 26 فروری کو اغوا کیا گیا تھا، فوٹو: ٹوئٹر

ابوجہ: نائیجیریا کے بورڈنگ اسکول سے اغوا ہونے والی تمام طالبات کو اغوا کاروں نے رہا کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا میں ایک بورڈنگ اسکول سے اغوا کی جانے والی تمام 279 طالبات کو اغوا کاروں نے حکومتی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

نائجیریا کی ریاست زمفارا کے گورنر ڈاکٹر بیلو ماتاوالے نے طالبات کی اغوا کاروں کے چنگل سے رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام طالبات کا طبی معائنہ کیا گیا ہے، تمام بچیاں خیریت سے اور صحت مند ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : نائیجیریا میں اسکول پر مسلح افراد کا حملہ، سیکڑوں طالبات اغوا  

صحافیوں نے توجہ دلائی کہ ابتدا میں اسکول سے اغوا ہونے والی طالبات کی تعداد 317 بتائی گئی تھی جس پر گورنر زمفارا نے جواب دیا کہ اغوا ہونے والی طالبات کی تعداد 279 ہی تھی۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ طالبات کی رہائی کس معاہدے کے تحت عمل میں لائی گئی۔

واضح رہے کہ نائیجیریا کی ریاست زمفارا کے بورڈنگ اسکول پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا تھا اور سیکڑوں طالبات کو اغوا کرکے لے گئے تھے۔ابتدا میں مغویوں کی تعداد 317 بتائی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔