پھلوں کی تازگی اب لیزر پلازمہ سے معلوم کیجئے

ویب ڈیسک  بدھ 3 مارچ 2021
جاپانی ماہر نے لیزر اور پلازمہ کی بدولت آموں کی تازگی ناپنے کا ایک نظام بنایا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس ٹریبیون

جاپانی ماہر نے لیزر اور پلازمہ کی بدولت آموں کی تازگی ناپنے کا ایک نظام بنایا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس ٹریبیون

ٹوکیو: کسان سے لے کر خریدار تک کسی بھی پھل کی تازگی کی تصدیق ایک مشکل عمل ہوتا ہے۔ لیکن اب جاپان میں شائبورا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایس آئی ٹی) نے بالخصوص آم کی تازگی معلوم کرنے کا جدید ترین سسٹم تیار کیا ہے۔

اس عمل میں پھل کو چھوئے اور نقصان پہنچائے بغیر اس کی نرمی کا جائزہ لیا جاتا ہے جو آم میں تازگی ناپنے کا ایک اہم طریقہ ہوتا ہے۔ جبکہ آم میں سختی کچے پن اور مزید نرمی اس کے پرانے ہونے کی علامت ہوتی ہے۔

لیکن پیکنگ سے گزرنے والے سینکڑوں، ہزاروں آموں میں سے ہر ایک کی نرمی یا سختی ناپنا آسان نہیں ہوتا۔ اس کے لیے لیزر اور پلازما کی شاک ویوز (صدماتی امواج) کو استعمال کیا جاسکتا ہے جو بہت تیزی سے ہزاروں بلکہ لاکھوں پھلوں کی تازگی کی تصدیق یا تردید کرسکتی ہے۔

اس عمل میں نظام کا کوئی حصہ پھلوں کو نہیں چھوتا بلکہ لیزر سے آموں کی سطح پر پلازمہ کا ایک بلبلہ بن جاتا ہے۔ جیسے ہی یہ بلبلہ پھیلتا ہے تو صدماتی امواج پیدا ہوکر پورے پھل پر پھیل جاتی ہیں۔ اب یہاں ایک آلہ لیزر ڈوپلر وائبرومیٹر ( ایل ڈی وی) ارتعاشات سے بتاتا ہے کہ پھل کتنا نرم ہے یا کس درجے پر سخت ہے۔

اس سے قبل ایس آئی ٹی کو سیب اور ایواکیڈو پر آزمایا گیا ہے لیکن آموں جیسے پھلوں کے لیے ان کا استعمال قدرے مشکل تھا۔ اب ماہرین نے تازہ آموں کی تصدیق کے لیے ایک خاص قسم کی امواج کا انتخاب کیا ہے جسے ریلی ویوز کہا جاتا ہے۔ اس عمل کے ذریعے تازہ آموں کی تصدیق بہت آسان ہوجائے گی اور چند منٹوں میں ہزاروں آموں کا جائزہ لینا ممکن ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔