عماد بٹ ایک ہی میچ میں ہیرو پھر زیرو بن گئے

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 4 مارچ 2021
کرسچن کے اوور میں 32رنزکے ریکارڈ میں شریک،خود بھی 25رنز دے دیے۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

کرسچن کے اوور میں 32رنزکے ریکارڈ میں شریک،خود بھی 25رنز دے دیے۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

 کراچی: عماد بٹ ایک ہی میچ میں ہیرو پھر زیرو بن گئے، وہ پہلے ڈینیئل کرسچن کے اوور میں 32رنز کے ریکارڈ میں شریک ہوئے پھر خود بھی 25رنز دیدیے۔

پشاور زلمی سے میچ میں کراچی کنگز کے ڈینیئل کرسچن پی ایس ایل کے سب سے مہنگے بولر بن گئے، ان کے آخری اوور میں ریکارڈ 32 رنز بنے، عماد بٹ نے اپنے انفرادی اسکور میں 26 رنز جمع کیے۔

عماد بٹ نے پہلی گیند پر چوکا لگایا، اگلی بال وائیڈ رہی،تیسری اور پھر چوتھی پر مسلسل چوکے جڑنے کے بعد اگلی گیند پر انھوں نے چھکا رسید کیا، پانچویں پر2رنز بنائے، اگلی بال وائیڈ ہوئی، وکٹ کیپر جو کلارک بائی کے 4رنز نہ روک پائے، آخری گیند پر عماد بٹ نے چھکا لگا دیا، یوں وائیڈ بال کی وجہ سے پشاور زلمی کے ٹوٹل میں 10رنز کا اضافہ ہوا۔

اس سے قبل عماد بٹ نے صرف1 رن بنایا تھا،مجموعی طور پر انھوں نے 7 گیندوں پر 27 کی اننگز کھیلی، بعد ازاں آل راؤنڈر بولنگ کیلیے آئے تو خود بھی ایک اوور میں 25 رنز دے دیے۔

بابر اعظم نے پہلی گیند پر 2 رنز بنائے، دوسری وائیڈ ہوئی اور بائی کا چوکا بھی ہوگیا، ایک ڈاٹ بال کے بعد بابر اعظم نے اگلی پر چھکا لگاتے ہوئے اپنی ففٹی مکمل کی،چوتھی گیند پر چوکا لگا، پانچویں پر فیلڈر نے کیچ ڈراپ کرتے ہوئے چھکا کروا دیا،آخری گیند پر 2رنز بنے۔ یوں عماد بٹ نے کراچی کنگز کیلیے ہدف تک رسائی میں آسانی پیدا کردی۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل میں کسی ایک اوور میں 29رنز دینے کا ریکارڈ عامر یامین نے حالیہ ایونٹ میں ہی بنایا تھا جو اب ڈینیئل کرسچن کے نام پر درج ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔