ملکی برآمدات میں مسلسل دوسرے ماہ کمی ریکارڈ

شہباز رانا  جمعرات 4 مارچ 2021
فروری میں برآمداتی حجم جنوری سے97 ملین ڈالر کم ہوکر 2.04 بلین ڈالر رہا۔ فوٹو: فائل

فروری میں برآمداتی حجم جنوری سے97 ملین ڈالر کم ہوکر 2.04 بلین ڈالر رہا۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ملکی برآمدات میں مسلسل دوسرے ماہ کمی ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق فروری میں  برآمدات 2.04 بلین ڈالر رہیں، یہ 5ماہ کے عرصے میں برآمدات کا سب سے کم حجم بھی تھا۔

پی بی ایس کے مطابق جنوری کے مقابلے میں فروری میں برآمدات 97 ملین ڈالر کم رہیں۔ فروری میں برآمدات کے ساتھ ساتھ درآمدات میں بھی 5.2 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، اور درآمداتی حجم 4.6  بلین ڈالر رہا۔  اس طرح جنوری کے مقابلے میں فروری میں درآمدات 254 ملین گھٹ گئیں۔ اس کے نتیجے میں جنوری کی  نسبت فروری میں  تجارتی خسارہ 5.9 فیصد  یعنی 157 ملین ڈالر کم ریکارڈ کیا گیا۔

پی بی ایس کے مطابق رواں  مالی سال میں جنوری اور فروری میں مجموعی طور پر 16.3 بلین ڈالر کی برآمدات کی گئیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کی نسبت 4.3 فیصد زیادہ ہے۔ گذشتہ مالی سال جنوری فروری میں  برآمدات کا حجم 15.6 بلین رہا تھا۔

مسلسل دو ماہ سے برآمدات میں کمی اس بات کا اشارہ ہے کہ دسمبر تک برآمدات میں اضافے کی وجہ کچھ بیرونی عوامل تھے۔ روپے کی قدر میں 30 فیصد کمی جیسے  پالیسی اقدامات  اس سلسلے میں موثر ثابت نہیں ہوئے۔

پی بی ایس کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق  رواں مالی سال کے ابتدائی  8 ماہ میں درآمدات 7.5 فیصد یعنی 2.4 بلین  ڈالر بڑھ کر 33.8 بلین تک پہنچ گئیں۔

واضح رہے کہ موجودہ حکومت اپن ابتدائی دو برسوں میں برآمدات کا سالانہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

رواں مالی سال کے لیے حکومت نے برآمدات کا ہدف 22.7 بلین  ڈالر مقرر کیا ہے ۔ یہ ہدف حاصل کرنے کے لیے جی ڈی کی شرح نمو کا6.2 فیصد ہونا ضروری ہے جو ممکن نظر نہیں آتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔