ریلوے کے شعبہ میکینکل کیرج کے 150 ملازمین سرپلس قرار

بلال غوری  جمعرات 4 مارچ 2021
سرپلس قرار دیئے گئے ملازمین میں گریڈ 16 کے افسران بھی شامل ہیں فوٹو: فائل

سرپلس قرار دیئے گئے ملازمین میں گریڈ 16 کے افسران بھی شامل ہیں فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان ریلوے نے شعبہ میکینکل کیرج کے 150 ملازمین کو سرپلس قرار دے دیا ہے۔

ریلوے حکام نے محکمے پر مالی بوجھ کم کرنے اور اسے خسارے سے نکالنے کے لئے عملی اقدامات شروع کردئیے ہیں، اس حوالے سے ریلوے کے شعبہ میکینکل “ کیرج “ کے 150 ملازمین کو سرپلس قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر دیگر اسٹیشنز پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سر پلس قرار دیئے گئے ملازمین میں گریڈ 16تک کے افسران بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سمہ سٹہ ریلوے اسٹیشن پر لاہور، پشاور، راولپنڈی، کوئٹہ اور کراچی سے آنے جانے والی متعدد ٹرینیں کی مینٹیننس کرتا ہے اور یہاں یہ کام کرنے والے ملازمین مختلف شفٹوں میں کام کرتے ہیں لیکن سینیئر جنرل مینجر ریلوے آپریشن نثار احمد میمن اور فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر فرخ تیمور نے انسپکشن کے دوران سمہ سٹہ ریلوے سٹیشن پر کیرج کا اضافی عملے کا نوٹس لیا، جس کے بعد تمام عملے کو سرپلس قرار دیئے جانے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے تاکہ ان کا جلد سے جلد تبادلہ کیا جاسکے۔

اس حوالے سے سینیئر جنرل مینجر ریلوے آپریشن نثار احمد میمن نے کہا ہے کہ سمہ سٹہ ریلوے اسٹیشن کیرج کا عملہ اضافی تھا اس لئے اسے اب ان ریلوے اسٹیشنوں پر تعینات کیا جائےگا جہاں پر عملے کی کمی ہے تاکہ ٹرین آپریشن میں کسی قسم کی مشکلات پیدا نہ ہوسکیں اور یہ ملازمین بھی اپنا کام کرتے رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔