ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کا 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ 

احتشام مفتی  جمعرات 4 مارچ 2021
فیصلہ گندم کی مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے

فیصلہ گندم کی مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے

کراچی: ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے گندم کی مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کا درآمدی آڈر دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ٹی سی پی کے چئیرمین ریاض میمن نے ایکسپریس کو بتایا کہ ٹی سی پی کو گندم کی درآمدات کے لئے 7پیشکشیں موصول ہوئیں تھیں جس میں سے ٹی سی پی نے گندم کی سب سے کم قیمت میں فراہمی کی پیشکش جوکہ 332.44 ڈالر فی میٹرک ٹن ہے کی کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کو منظوری کےلیے بھیج دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں گندم روس سے درآمد کی جارہی ہے۔7 مارچ اور 8 مارچ کو 55،  55 ہزار ٹن گندم کے حامل دو بحری جہاز بھی پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ 10مارچ تک ٹی سی پی کی جانب سے درآمد ہونے والی گندم کی مقدار 22لاکھ میٹرک ٹن ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ  ٹی سی پی رواں سال مجموعی طور پر 25 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔