وزیر اعظم پر اعتماد کا ووٹ؛ قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 4 مارچ 2021
عمران خان سینیٹ الیکشن کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے(فوٹو، فائل)

عمران خان سینیٹ الیکشن کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے(فوٹو، فائل)

 اسلام آباد: قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہفتے کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جب وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لیں گے تو 181 اراکین ان کی حمایت میں کھڑے ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں بڑے فیصلے کیے گئے اور  تمام ارکان قومی اسمبلی کو ہفتے کو ہونے والے اجلاس تک اسلام آباد سے باہر جانے سے روک دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تمام ارکان اسلام آباد میں رہیں گے۔ چیف وہیپ عامر ڈوگر نے تمام ارکان کو وزیراعظم کا پیغام پہنچا دیا، تمام ارکان کو آئندہ قومی اسمبلی اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان سینیٹ الیکشن کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا آپ یہ کیوں نہیں کہتے کہ ہماری خاتون امیدوار جیتی ہیں، یہ اعتماد و عدم اعتماد کی بات نہیں، یہ سیاسی عمل ہے، ہوتا رہتا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: وزیر اعظم کا ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ

درایں اثنا وزیراعظم نے چودھری پرویز الٰہی کو فون کر کے سینیٹ انتخاب میں تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے عمران خان کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت کے اتحادی ہیں، آئندہ بھی ساتھ چلیں گے۔

یہ خبر بھی دیکھیے: چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں بھی بڑا اپ سیٹ ہونے کا امکان

وزیراعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی سے بھی رابطہ کیا  ۔ وزیراعظم نے خالد مقبول صدیقی کو اعتماد کی تحریک کے فیصلے پر اعتماد میں لیا اور  ایم کیو ایم وفد کو ملاقات کی دعوت دی۔ ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ اعتماد کا ووٹ دینے کا فیصلہ رابطہ کمیٹی اجلاس میں کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔