کھلے سمندر میں لانچ پر چھاپہ، 82 کروڑ روپے کی حشیش برآمد

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 4 مارچ 2021
برآمد شدہ منشیات کو مزید کارروائی کے لیے پاکستان کسٹم انٹیلی جنس کے حوالے کردیا گیا (فوٹو : پ ر)

برآمد شدہ منشیات کو مزید کارروائی کے لیے پاکستان کسٹم انٹیلی جنس کے حوالے کردیا گیا (فوٹو : پ ر)

 کراچی: پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور کسٹم انٹیلی جنس نے کھلے سمندر میں لانچ پر چھاپے میں 81.6 کروڑ روپے مالیت کی 2040 کلو گرام حشیش برآمد کرلی۔

اس آپریشن کے لیے کسٹم انٹیلی جنس نے خفیہ اطلاعات فراہم کیں۔ پکڑی گئی 2040 کلو گرام حشیش کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت لگ بھگ 81 کروڑ 60 لاکھ پاکستانی روپے ہے۔ برآمد شدہ منشیات کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کسٹم انٹیلی جنس کے حوالے کردیا گیا۔

پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے حکام نے کہا ہے کہ یہ ہمارا اور کسٹم انٹیلی جنس کا کامیاب آپریشن تھا، یہ اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ ہم چوکس ہیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی اور مقاصد کے لیے پاکستانی پانیوں کے استعمال کو روکنے میں پرعزم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔