پی ایس ایل کی ’’کورونا کہانی‘‘ کا افسوسناک اختتام

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 5 مارچ 2021
کوئٹہ اور اسلام آباد کا ری شیڈول میچ آج مقررہ وقت شام 7 بجے شروع ہوگا۔ فوٹو؛ فائل

کوئٹہ اور اسلام آباد کا ری شیڈول میچ آج مقررہ وقت شام 7 بجے شروع ہوگا۔ فوٹو؛ فائل

 لاہور: پی ایس ایل 6کے آغاز سے قبل شروع ہونے والی ’’کورونا کہانی‘‘ کا گذشتہ روز افسوسناک اختتام سامنے آ گیا۔

پی ایس ایل 6 کے 20فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آغاز سے ایک روز قبل ہی لاہور قلندرز کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آیا،اسے10روز کیلیے آئسولیٹ کردیا گیا۔

اسی روز پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور کوچ ڈیرن سیمی بائیو ببل توڑ کر فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی سے ملے، ان کو 3روزہ قرنطینہ میں بھیج کر2 منفی ٹیسٹ بھی لازمی قرار دیے گئے، مگر 21 فروری کو ہی دونوں کو رعایت دیتے ہوئے میچ میں شرکت کی اجازت دے دی گئی۔

یکم مارچ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف میچ سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا،اسی وجہ سے میچ کو ایک روز کیلیے ملتوی کرنا پڑگیا،اگلے روز 3کرکٹرز کی رپورٹس مثبت آئیں،ان میں 2غیرملکی کھلاڑی اور ایک ملکی معاون اسٹاف رکن شامل تھا۔

اس کے باوجود پی سی بی نے تمام میچز شیڈول کے مطابق کروانے کا اعلان کیا، 3مارچ کو فرنچائزز سے میٹنگ کے دوران لاہور میں شیڈول میچز بھی کراچی میں کروانے کی تجویز سامنے آئی۔

گذشتہ روز 2ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے پر دوبارہ اجلاس میں کھلاڑیوں کے تحفظات کو دیکھتے ہوئے ایونٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، تینوں کھلاڑیوں کو 10 روز کی آئسولیشن میں بھیج دیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق انھوں نے بدھ کے میچز میں شرکت نہیں کی تھی، علامات ظاہر ہونے پر گذشتہ روز دوپہر میں ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔