انسداد کرپشن پر کسی قسم کی نرمی اور سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 5 مارچ 2021
مہنگائی و بے روزگاری سمیت تمام مسائل کی وجہ سابقہ حکومتوں کی جانب سے کی گئی لوٹ مار اور کرپشن ہے،وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

مہنگائی و بے روزگاری سمیت تمام مسائل کی وجہ سابقہ حکومتوں کی جانب سے کی گئی لوٹ مار اور کرپشن ہے،وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میرا مشن ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ ہے اور اس کیلئے کسی قسم کی نرمی اور سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے سیاسی رہنما منیر احمد خان نے ملاقات کرکے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر خسرو بختیار اور فواد چوہدری بھی موجود تھے۔

وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ منیر احمد خان نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تقدیر اور مستقبل وزیر اعظم عمران خان کی ویژنری قیادت کے ہاتھ میں ہونے سے محفوظ اور روشن ہے، ہر پاکستانی اور خصوصاً نوجوان نسل اس بات پر فخر محسوس کرتی ہے کہ ملک کی باگ ڈور اس لیڈر نے سنبھالی ہوئی ہے جس کا دامن صاف اور کرپشن سے پاک ہے، ان کی بے لوث جدوجہد سے متاثر ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی ، بے روزگاری اور افراط زر سمیت تمام مسائل کی وجہ  سابقہ حکومتوں کی جانب سے کی گئی لوٹ مار اور کرپشن ہے، میرا مشن ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ ہے اور اس کیلئے کسی قسم کی نرمی اور سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ٹیکس اصلاحات کے حوالے سے اجلاس

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ٹیکس اصلاحات کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر خسرو بختیار، حفیظ شیخ، اسد عمر، حماد اظہر، عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، وقار مسعود، تابش گوہر، ندیم بابر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹیکس اصلاحات میں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عام عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے، ٹیکس نظام کی خامیاں دور کرکے ٹیکس کوڈ آسان بنایا جائے،  ٹیکس کولیکٹرز اور افسران کے صوابدیدی اختیارات کو کم سے کم کیا جائے۔

وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو فلائنگ انوائسز کا مسلئہ جلد حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نظام میں شفافیت کے لیے خودکار نظام متعارف کروانے کی ضرورت ہے، ٹیکس نظام ایسا ہوا جس سے کاروبار کو سہولت اور معیشت کو ترقی ملے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔