امریکی صدر نے پاکستانی بزنس مین کو اہم عہدے پر نامزد کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 5 مارچ 2021
دلاور سید بارک اوباما دور میں بھی اہم ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں، فوٹو : فائل

دلاور سید بارک اوباما دور میں بھی اہم ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں، فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے اسمال بزنس ایڈمنسٹریشن کے شعبے میں ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کے عہدے کے لیے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت دلاور سید کو نامزد کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے اسمال بزنس ایڈمنسٹریشن کی اہم عہدے پر تقرری کے لیے دلاور سید کو نامزد کیا ہے، پاکستانی نژاد دلاور سید کیلی فورنیا کے رہائشی اور امریکا کی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کمپنی ’’لومیاٹا ٹیکنالوجی‘‘ کے صدر ہیں۔

پاکستان سے امریکی ریاست اوہائیو کے ایک کالج میں تعلیم کی غرض سے آنے والے دلاور سید نے ٹیکساس یونیورسٹی سے اقتصادیات اور کمپیوٹر سائنس میں گریجویشن کی اور بعد ازاں پینسلوینیا یونیورسٹی کے وارٹن aسکول سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی۔

دلاور سید اعلیٰ تعلیم کے بعد کئی اداروں سے منسلک رہے اور سابق صدر بارک اوباما کے دور حکومت میں وائٹ ہاؤس کمیشن آن ایشیئن امیریکنز اینڈ پیسیفک آئی لینڈرز میں خدمات انجام دیں اور اقتصادی افزائش کی کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنی پوسٹ میں دلاور سید نے لکھا کہ صدر جوبائیڈن کی جانب سے اہم عہدے کے لیے ان کی نامزدگی باعثِ افتخار ہے اور میں وبا کے باعث مسائل میں گھرے چھوٹے کاروباری افراد کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے سخت محنت کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔