ایم کیو ایم نے وزیر اعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 5 مارچ 2021
 ہمیں موجود گورننس نظام پر تحفظات ہیں مگر وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، ایم کیوایم۔  فوٹو:فائل

ہمیں موجود گورننس نظام پر تحفظات ہیں مگر وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، ایم کیوایم۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: ایم کیوایم قیادت کا کہنا ہے کہ ہمیں موجود گورننس نظام پر تحفظات ہیں مگر وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی، ایم کیوایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں آنے والے وفد میں  امین الحق،کشورزہرا اور ایم کیو ایم کے تمام ارکان اسمبلی شریک  تھے، جب کہ شاہ محمود قریشی،شفقت محمود،اسد عمر پرویز خٹک بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے وزیر اعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں موجود گورننس نظام پر تحفظات ہیں مگر وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی ایم کیوایم قیادت کو ملاقات کی دعوت

ایم کیوایم قیادت کا کہنا ہے کہ ہم نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں تاکہ عوام کو ڈلیور کر سکیں، ہماری وزیراعظم سے کوئی ڈیمانڈ نہیں مگر کراچی اور سندھ میں مشاورت میں شامل کیا جائے، 18 ویں ترمیم کے بعد اختیارات کا مسئلہ ہے، بلدیاتی نظام میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی چاہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سندھ اور کراچی کے امور میں ایم کیو ایم کے ساتھ مشاورت کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میرا مقصد اقتدار نہیں بلکہ عوام کی فلاح ہے، شفاف نظام کی تبدیلی کے لیے کوشش کر رہا ہوں، اداروں کی مضبوطی اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے جدوجہد جاری رہےگی۔

دریں اثنا طارق بشیر چیمہ کی قیادت میں (ق۹ لیگ کے وفد نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی، وفد میں حسین الہیٰ، چوہدری سالک اور فرخ خان شامل تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے طارق بشیر چیمہ نے وزیراعظم سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے حفیظ شیخ کو بھی ووٹ دیا تھا، آپکو بھی اعتماد کا ووٹ دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔