سنٹرل جیل کراچی سے لاپتہ شخص کی بازیابی کی درخواست پر سپرنٹنڈنٹ طلب

کورٹ رپورٹر  جمعـء 5 مارچ 2021
جیل ریکارڈ کے مطابق طاہر زمان کو رہا کردیا گیا لیکن وہ جیل سے باہر ہی نہیں آیا، سرکاری وکیل

جیل ریکارڈ کے مطابق طاہر زمان کو رہا کردیا گیا لیکن وہ جیل سے باہر ہی نہیں آیا، سرکاری وکیل

 کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سینٹرل جیل کراچی سے رہائی کے بعد شہری طاہر زمان کی گمشدگی سے متعلق درخواست پر سینٹرل جیل سپرنٹنڈنٹ کو مکمل ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیدیا۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو اور جسٹس عبد المبین لاکھو پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو سینٹرل جیل کراچی سے رہائی کے بعد شہری طاہر زمان کی گمشدگی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

ایس پی انوسٹی گیشن نے بتایا کہ شہری رہائی کے بعد سنٹرل جیل سے باہر ہی نہیں آیا۔ لگتا ہے جیل کے اندر سے شہری کو کسی کےحوالے کیا گیا۔ عدالت جیل سپرنٹنڈنٹ کو بلا کر پوچھ سکتی ہے۔

سرکاری وکیل نے موقف دیا جیل ریکارڈ کے مطابق طاہر زمان کو رہا کردیا گیا۔ لیکن وہ جیل سے باہر ہی نہیں آیا۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے یہ بات درست ہے تو ہم جیل سپرنٹنڈنٹ کو بلائیں گے۔ عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل کو طلب کرتے ہوئے 8 اپریل کو مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔