کراچی کرپشن کیس میں فرانس کے سابق وزیردفاع کو سزا، وزیراعظم بری

ویب ڈیسک  جمعـء 5 مارچ 2021
فرانس کے سابق صدر ایڈورڈ بیلاڈور پر آبدوز معاہدے میں کمیشن لینے کا الزام تھا، فوٹو : فائل

فرانس کے سابق صدر ایڈورڈ بیلاڈور پر آبدوز معاہدے میں کمیشن لینے کا الزام تھا، فوٹو : فائل

پیرس: فرانس کے سابق وزیر اعظم ایڈورڈ بیلاڈور کو فرانسیسی عدالت نے ’کراچی افیئر‘ کے نام سے مشہور مبینہ بدعنوانی کیس میں بری کردیا ہے تاہم ان کے ساتھی وزیر دفاع کو 2 سال قید اور ایک لاکھ جرمانہ عائد کردیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کی لاء کورٹ آف ری پبلک نے فرانس کے سابق وزیر دفاع کو دو برس کی معطل قید کی سزا اور ایک لاکھ یورو جرمانے اور تین اعلیٰ عہدیداروں کو بھی سزائیں سنائی گئی ہیں تاہم سابق وزیراعظم کو بری کردیا گیا۔

سابق وزیراعظم اور وزیر دفاع پر 1993 سے 1995 کے درمیان پاکستان اور سعودی عرب کو سمندری آبدوز کی فروخت میں کرپشن، ثالثوں سے کمیشن لینے اور اختیار کے ناجائز استعمال کا الزام تھا۔ یہ الزامات پہلی بار 2017 میں سامنے آئے تھے۔

سابق وزیراعظم ایڈورڈ بیلاڈور پر یہ بھی الزام تھا کہ کمیشن سے حاصل ہونے والی رقم سے ہی انھوں نے 1995 میں صدارتی الیکشن میں حصہ لیا تھا تاہم وہ ہار گئے تھے۔

ایڈورڈ بیلاڈور کی صدارتی انتخاب میں شکست کے بعد بننے والی حکومت نے کرپشن کا الزام عائد کرکے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ فرانس کے معاہدوں کی ادائیگی روک دی تھی۔

دوسری جانب 78 سالہ سابق وزیرِ دفاع فرانسوا لیوٹارڈ پر ثالثوں کا ایک ایسا نیٹ ورک قائم کرنے کا الزام تھا جو ایسے معاہدوں پر کمیشن لیتا تھا۔

بی بی سی کے مطابق فرانسیسی کمپنی سیفوما کو اس ڈیل میں 33 کروڑ 80 لاکھ فرینک ملے جبکہ دو لبنانی شہریوں نے آف شور کمپنی کے ذریعے چار فیصد کمیشن لیا جو 21 کروڑ 60 لاکھ فرینک بنتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔