وادی تیراہ ، باڑہ میں دھماکے، خاتون سمیت11افراد جاں بحق، ہنگو میں خودکش حملہ، طالبعلم شہید، ایک زخمی

باڑہ اکاخیل میں مکان میں بم دھماکے سے خاتون جاں بحق جبکہ مویشی ہلاک اور گھر کو نقصان پہنچا۔فوٹو:فائل

باڑہ اکاخیل میں مکان میں بم دھماکے سے خاتون جاں بحق جبکہ مویشی ہلاک اور گھر کو نقصان پہنچا۔فوٹو:فائل

پشاور / ہنگو / باڑہ:  تیراہ میں توپ کا گولہ پھٹنے سے 10 افراد، باڑہ اکاخیل میں مکان میں بم دھماکے سے خاتون اورہنگو ابراہم زئی میں خودکش دھماکے میں ایک طالبعلم جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا۔

پولیٹیکل حکام کے مطابق تیراہ کے نواح میں درس جماعت کے علاقے میاں گانوکلے میں پہاڑی علاقے کے کھیتوں میں پی ڈی آر کا ناکارہ گولہ پڑاتھاجس کودیکھ کروہاں پرموجود لوگ اکٹھے ہوگئے اور اسے آری کے ذریعے کاٹ کر بارودنکالنے کی کوشش کررہے تھے کہ اس دوران اچانک گولہ پھٹ گیاجس سے 9افرادموقع پرجاں بحق، ایک شدیدزخمی ہو گیاجوبعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا، پولیٹیکل حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں 9 افرادجاں بحق اور ایک زخمی ہواہے جبکہ آزادذرائع نے واقعے میں 10 افرادکے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ واضح رہے کہ تیراہ میں شورش کے باعث شدت پسند ایک دوسرے کے خلاف بھاری ہتھیار استعمال کرتے ہیں اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھی شدت پسندوں کے خلاف توپ خانہ استعمال کیا جاتا ہے، بعض گولے ناکارہ ہو جاتے ہیں، دھماکے کا واقعہ بھی اسی طرح کے ناکارہ ہونے والے گولے کے باعث پیش آیا۔

ادھرباڑہ اکاخیل میں مکان میں بم دھماکے سے خاتون جاں بحق جبکہ مویشی ہلاک اور گھر کو نقصان پہنچا۔ پولیٹیکل حکام کے مطابق باڑہ کے نواح میں اکاخیل کے علاقے مداخیل میں عبدالوہاب نامی شخص کے مکان میں اچانک دھماکا ہوا جس سے خاتون ش شدید زخمی ہوکر موقع پر دم توڑگئیں، دھماکے سے مکان کو بھی نقصان پہنچا اورگھر میں موجود مویشی ہلاک ہوگئے۔دریں اثنا ہنگو کے نواحی علاقے ابراہیم زئی میں خودکش حملہ آورنے گورنمنٹ ہائی اسکول ابراہیم زئی میںگھسنے کی کوشش میں دھماکے سے خودکو اڑالیا، مقامی ذرائع کے مطابق کم عمرخودکش حملہ آور اسکول یونیفارم میں ملبوس تھا، اسکول سے باہر طالبعلم اعتزازحسین نے لڑکے کومشکوک سمجھ کرروکنے کی کوشش کی جس پربمبار نے خود کودھماکے سے اڑا دیا، سیکیورٹی فورسز، پولیس، قانون نافذ کرنیوالے ادارے، محکمہ ایجوکیشن کے افسران موقع پر پہنچ گئے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج اسد اللہ کے مطابق دھماکے میں 6کلو گرام بارودی مواداستعمال کیا گیا۔

پشاورسے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق نواحی علاقے ریگی میں پولیس موبائل پر بم سے حملہ میں ایک ایف سی اہلکار شہید جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا، ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا تاہم کسی قسم کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی، ڈی ایس پی ریگی گل نواز خان کے مطابق پیر کو تھانہ ناصر باغ کی پولیس موبائل ماڈل ٹائون کے علاقے ریگی میں معمول کے گشت پر تھی کہ نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے سڑؑک کنارے نصب کیا گیابم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، پولیس موبائل کو بھی شدید نقصان پہنچا، ڈی ایس پی کے مطابق دھماکے میں2 ایف سی اہلکار ہارون، حکمت خان اور پولیس کانسٹیبل منظور احمد اور ڈرائیور اعظم شدید زخمی ہوگئے جن میں ہارون بعد ازاں اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔