سی ٹی ڈی کے پولیس مقابلے میں ایم کیو ایم لندن کا کارندہ ہلاک

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 6 مارچ 2021
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 کراچی: سی ٹی ڈی پولیس کے کورنگی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایم کیو ایم لندن کا کارندہ مارا گیا۔

سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق انہیں اطلاع ملی تھی کہ ایم کیو ایم لندن کے کارندے باغ کورنگی کے قریب موجود ہیں جس پر پولیس نے چھاپہ مارا تو ملزمان نے فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایم کیو ایم لندن کا ایک کارندہ اعظم عرف گنجا مارا گیا جس کے قبضے سے 9 ایم ایم پسٹل اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

سی ٹی ڈی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مرنے والے ملزم کا ساتھی فرار ہوگیا جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ مرنے والے دہشت گرد کے خلاف قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری اور دیگر واقعات کے مقدمات درج ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق اعظم عرف گنجا نے 2012ء اور 2013ء میں سیکٹر اور یونٹ کی ہدایت پر لانڈھی، کورنگی، زمان ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں جرائم کی وارداتیں کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔