حکومت کے اتحادی ہیں اور سینیٹ میں بھی اُن کے ساتھ کھڑے ہیں، چوہدری شجاعت

ویب ڈیسک  اتوار 7 مارچ 2021

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 لاہور: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اہم سیاسی ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین سے چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کی درخواست کی تاہم مسلم لیگ قائد اعظم کے سربراہ نے کہا کہ حکومت کے اتحادی ہیں اور سینیٹ میں بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پاکستانی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پارٹی رہنماؤں قمر زمان کائرہ اور سید حسن مرتضیٰ کے ہمراہ چوہدری برادران کی رہائش گاہ پہنچے۔ مسلم لیگ قائد اعظم کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

یہ پڑھیں : وزیراعظم کو اعتماد کے ووٹ کے بعد ایک اور بڑے چیلنج کا سامنا

اس موقع پر مسلم لیگ قائد اعظم کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی، طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی، سالک حسین اور حسین الٰہی بھی شریک ہوئے۔

یہ خبر پڑھیں : تحریک انصاف نے چیئرمین سینیٹ انتخاب کے لیے اے این پی سے تعاون مانگ لیا 

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے چوہدری شجاعت حسین سے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کیلئے حمایت کی درخواست بھی کی جب کہ پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی پر بھی بات چیت ہوئی۔

چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حمایت کی درخواست پر چودہری شجاعت نے کہا کہ حکومت کے اتحادی ہیں اور سینیٹ میں بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں تاہم چوہدری برادران نے پنجاب میں معاملات کے لیے بلاول بھٹو سے اگلی ملاقات تک کا وقت مانگ لیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : بلاول بھٹو، حمزہ شہباز ملاقات؛ تمام فیصلے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے کرنے پر اتفاق 

مسلم لیگ قائد اعظم کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو گھر تشریف لائے ان کی عزت کرتے ہیں لیکن حکومت کو پہلے ہی حمایت کا یقین دلا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کی اپ سیٹ کامیابی کے بعد پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے بھی سابق وزیراعظم کو کامیاب کرانے کے لیے سیاسی ملاقاتیں شروع کردی ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔