گوادر سے بیرون ملک کروڑوں روپے کی منشیات اسمگلنگ ناکام، 4 ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 7 مارچ 2021
1100 کلو گرام اعلی کوالٹی کی چرس برآمد، سنگل کیبن گاڑی،1 عدد اسپیڈ بوٹ اور 4 اسمگلرز گرفتار (فوٹو : کوسٹ گارڈز)

1100 کلو گرام اعلی کوالٹی کی چرس برآمد، سنگل کیبن گاڑی،1 عدد اسپیڈ بوٹ اور 4 اسمگلرز گرفتار (فوٹو : کوسٹ گارڈز)

گوادر: پاکستان کوسٹ گارڈز اور گوادر پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 1100 کلوگرام اعلی کوالٹی چرس برآمد کرکے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز اور گوادر پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گوادر کے علاقہ سٹی ہوڑہ میں بیش قیمت منشیات بیرون ملک اسمگل ہونے کی کوشش کو نا کام بنا دیا۔

پاکستان کوسٹ گارڈز اور گوادر پولیس نے گوادر کے مختلف علاقوں میں جوائنٹ ٹیمیں تشکیل دیں اور دوران آپریشن متعلقہ علاقہ سے سمندر کے کنارے لوڈنگ کے دوران بیش قیمت منشیات کی بھاری مقدار برآمد کر لی گئی جس میں 1100 کلوگرام اعلی کوالٹی کی چرس، 1 عدد سنگل کیبن گاڑی، 1 عدد اسپیڈ بوٹ اور 4 اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔

خدشہ ہے کہ یہ منشیات سمندر کے راستے بیرون ملک اسمگل ہونا تھی۔ پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت کروڑوں روپے کے لگ بھگ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے جوانوں کی اس انتھک محنت اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔