ملکی تاریخ میں پہلی بار کراچی کی خواتین پولیس اہلکار پیٹرولنگ ڈیوٹی کیلئے تعینات

اسٹاف رپورٹر  پير 8 مارچ 2021
ٹریفک زون ساؤتھ اور ایسٹ سے تعلق رکھنے والی خواتین اہل کاروں کو خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی (فوٹو، فائل)

ٹریفک زون ساؤتھ اور ایسٹ سے تعلق رکھنے والی خواتین اہل کاروں کو خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی (فوٹو، فائل)

 کراچی: شہر میں پہلی مرتبہ دو خواتین اہل کار کو پیٹرولنگ ڈیوٹی پر تعینات کردیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے وومن ڈے کے موقعے پر ٹریفک زون ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں تعینات لیڈی ٹریفک پولیس کانسٹیبل سوماویہ اور ٹریفک زون ڈسٹرکٹ ایسٹ رضیہ کو پیٹرولنگ موٹر سائیکل رائیڈر تعینات کیا۔ ان اہل کاروں کو  خصوصی ٹریننگ دی گئی تھی جبکہ پہلی بار پٹرولنگ کے لیے لیڈی ٹریفک پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس موقعے پر کراچی پولیس چیف نے دونوں لیڈی ٹریفک اہل کاروں کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دریں اثنا ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے گزشتہ روز ٹریفک پولیس ایسٹ زون کی جانب سے اسٹیڈیم فلائی اوور کے نیچے کنٹینر میں قائم کیے جانے والے مووایبل(Moveable)  آفس کا افتتاح کیا جس میں تمام ضروریات و سہولیات کو مدد نظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ کنٹینر میں بنائے گئے مووایبل آفس میں کچن و باتھ روم کے علاوہ سی سی ٹی کیمروں سے مانیٹرنگ کے لیے بڑی اسکرین بھی نصب کی گئی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔