شام کے صدر بشار الاسد اور اہلیہ اسما میں کورونا کی تصدیق

ویب ڈیسک  پير 8 مارچ 2021
دونوں کو 15 دن کے لیے قرنطینہ کردیا گیا، فوٹو : فائل

دونوں کو 15 دن کے لیے قرنطینہ کردیا گیا، فوٹو : فائل

دمشق: شام کے صدر بشار الاسد اور ان کی اہلیہ اسما کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جو کہ مثبت آیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا کی معمولی علامات ظاہر ہونے پر شام کے 55 سالہ  صدر اور ان کی اہلیہ کا ٹیسٹ کیا گیا جو کہ مثبت آیا ہے۔ طبی ماہرین نے دونوں کو 15 روز کے لیے قرنطینہ کردیا ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بشارالاسد کی صحت بہتر ہے جب کہ اہلیہ میں معمولی علامات ہیں۔ دو ہفتے بعد دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا تب تک دونوں کو قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

حال ہی میں ملک بھر میں بشار الاسد کی فتح کا دس سالہ جشن منایا گیا تھا اور اس سلسلے میں ہونے والی تقریبات میں صدر اور ان کی اہلیہ نے بھی شرکت کی تھی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر بشار الاسد اب بھی حکومتی امور آن لائن انجام دیں گے اور اجلاسوں کی سربراہی کریں گے۔

واضح رہے کہ جنگ زدہ شام میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 16 ہزار ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار 50 سے تجاوز کرگئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔