آسٹریلوی شخص نے ایک یورو میں گھر خرید لیا

ویب ڈیسک  پير 8 مارچ 2021
ڈینی مک کیوبن اٹلی میں اپنے ایک یورو گھر کے باہر موجود ہیں۔ فوٹو: سی این این

ڈینی مک کیوبن اٹلی میں اپنے ایک یورو گھر کے باہر موجود ہیں۔ فوٹو: سی این این

جزیرہ سسلی: گزشتہ 17 برس سے لندن میں مقیم آسٹریلوی شخص نے اٹلی میں ایک اسکیم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صرف ایک یورو (200 روپے) کا گھر خریدا ہے جس پر وہ بہت مسرور ہیں۔

56 سالہ ڈینی مِک کیوبِن نے اٹلی کی حکومت کی جانب سے ’کیس ون یورو‘ اسکیم کے تحت مشہور سِسلی شہر کے نواح میں ایک چھوٹے سے قصبے میوسومیلی میں عالی شان گھر لیا ہے ۔ اس علاقے میں صرف گیارہ ہزار افراد رہتے ہیں جن کی اکثریت عمررسیدہ افراد پر ہے۔ نوجوان افراد تیزی سے بڑے شہروں کا رخ کررہے ہیں۔ اسی بنا پر شہر کے میئر نے دنیا بھر کے لوگوں کو ایک یورو میں مکان خریدنے کی دعوت دی ہے جس کا آن لائن اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم اس کی ایک شرط یہ ہے کہ خریدنے والا تین سال کے اندر اپنے اخراجات پر گھر کی مرمت کرواکے اسے آباد کرے گا۔ ڈینی نے اس سے قبل درجنوں گھر دیکھے اور آخرکار انہیں ایک گھر پسند آیا۔ اب وہ یہاں لوگوں کے لیے ایک کھانا گھر کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم انہوں ںے دنیا کے مزید لوگوں کو اسکیم سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ دیا ہے۔

پیشے کے لحاظ سے ڈینی ڈجیٹل کنسلٹنٹ ہیں اور دس برس تک اٹلی میں فلاحی کاموں کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔ وہ بریگزٹ معاملے کے بعد لندن چھوڑنے کا ارادہ رکھتے تھے اور اب وہ مستقل طور پر اٹلی میں ہی سکونت اختیار کریں گے۔

تاہم ڈینی نے بتایا کہ گھرخریدنے کا عمل تو آسان لیکن اس کے فوراً بعد آپ کو پانی اور بجلی کے لیے رقم کی فراہمی اور ٹیکس رجسٹریشن سے گزرنا پڑتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔