بھارت میں رخصتی کے وقت زیادہ رونے سے دلہن ہلاک

ویب ڈیسک  پير 8 مارچ 2021
دلہن کو فوری اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی، فوٹو : فائل

دلہن کو فوری اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی، فوٹو : فائل

نئی دہلی: بھارتی ریاست اوڈیشا میں رخصتی کے وقت مسلسل رونے سے دلہن کو دل کا دورہ پڑگیا جس کے نتیجے میں دلہن کی موت واقع ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اوڈیشا (سابقہ اڑیسہ) کے علاقے سونپور میں شادی کی تقریب میں اُس وقت صف ماتم بچھ گئی جب عین رخصتی کے وقت زیادہ رونے کی وجہ سے دلہن کی موت واقع ہوگئی۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دلہن کی موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی، روتے روتے دلہن کی ہچکی بندھ گئی تھی اور کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ اس کا اثر دل پر بھی پڑتا ہے۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دلہن روزی کے والد کا چند ماہ قبل ہی انتقال ہوا تھا اور وہ باپ کی اچانک موت کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ میں تھی اسی لیے شادی کے تمام انتظامات بھی ماموں نے کیے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دلہن کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے، رپورٹ آنے کے بعد تفتیشی عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔