امیرترین شوہر سے طلاق لیکرارب پتی بننے والی خاتون نے دوسری شادی کرلی

ویب ڈیسک  پير 8 مارچ 2021
طلاق کے بعد ملنے والی رقم سے میکنزی تیسری امیر ترین خاتون بن گئی تھیں، فوٹو : فائل

طلاق کے بعد ملنے والی رقم سے میکنزی تیسری امیر ترین خاتون بن گئی تھیں، فوٹو : فائل

 واشنگٹن: دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوز سے طلاق لے کر ارب پتی بننے والی میکنزی اسکاٹ نے 2 سال بعد سائنس پڑھانے والے استاد سے شادی کرلی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میکنزی اسکاٹ نے طلاق کے دو سال بعد سائنس کے ٹیچر سے شادی کرلی ہے۔ میکنزی کے پہلے شوہر جیف بیزوز تھے جو ایمیزون کے بانی اور دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔ یہ دنیا کی سب سے مہنگی طلاق تھی۔

ایمیزون کے مالک جیف بیزوز سے 2019 میں طلاق پر میکنزی اسکاٹ کو ساڑھے 35 ارب ڈالر کی خطیر رقم ملی تھی جس کے باعث وہ دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون بن گئی تھیں۔ میکینزی نے اپنی آدھی جائیداد عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جائیداد کو فلاحی کاموں میں استعمال کرنے کے لیے میکنزی اسکاٹ کی مدد ڈان جیوٹ نے کی تھی۔ میکنزی نے گزشتہ برس فلاحی کاموں میں 6 کروڑ ڈالر خرچ کیئے تھے جو ایک سال میں عطیہ کی گئی رقم کا ایک ریکارڈ ہے۔

ڈان جیوٹ بل گیٹس، ملینڈا گیٹس اور وارن بگٹ کی ارب پتی افراد کو فلاحی کاموں کی جانب راغب کرنے کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ سے منسک ہیں اور اسی ویب سائٹ پر میکنزی سے شادی کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ دنیا کے سخی افراد میں سے ایک سے شادی کر رہا ہوں۔

میکنزی اسکاٹ نے شادی کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ ڈان جیوٹ ایک بہت اچھا شخص ہے اور ہم دونوں اچھی زندگی کے لیے بہت خوش ہوں۔

واضح رہے کہ 50 سالہ میکنزی اسکاٹ کی ملکیت 53.5 ارب ڈالر ہے۔ وہ دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون اور مجموعی طور پر 22 ویں امیر ترین فرد ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔