’’تم مضبوط ہو‘‘، لائف بوائے کا لڑکیوں کی تعلیم پرآگاہی کی خصوصی مہم کا آغاز (Test Link)

 جمعـء 5 مارچ 2021
Lifebuoy
Press Release
اس منفرد مہم کا مقصد خواتین کو بااختیار و تعلیم یافتہ بنانے سے سماج پر پڑنے والے مثبت اثرات کی اہمیت سے آگاہی ہے۔

اس منفرد مہم کا مقصد خواتین کو بااختیار و تعلیم یافتہ بنانے سے سماج پر پڑنے والے مثبت اثرات کی اہمیت سے آگاہی ہے۔

 کراچی: وفاقی وزارت برائے انسانی حقوق اور لائف بوائے کے اشتراک سے 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین کے موقع پر ملک میں لڑکیوں کی تعلیم اور یکساں مواقع فراہم کرنے کی اہمیت و افادیت اجاگر کرنے کےلیے خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔ لائف بوائے شیمپو اور وفاقی وزارت برائے انسانی حقوق مل کر اس پیغام کو عام کررہے ہیں۔

’’تم مضبوط ہو‘‘ کے عنوان سے چلائی جانے والی اس منفرد مہم کا مقصد خواتین کو بااختیار و تعلیم یافتہ بنانے سے سماج پر پڑنے والے مثبت اثرات کی اہمیت سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر لائف بوائے کی فلم کی رونمائی بھی کی گئی، جس کی مرکزی کہانی ایک بچی کے گرد گھومتی ہے جو اپنی والدہ کی تکالیف و حالات کا ادراک کرتے ہوئے انہیں تعلیم کے ذریعے بدلنے کا تہیہ کرتی ہے۔ فلم کے اختتام پر خواتین کےلیے ہیلپ لائن 9911 نمبر بھی دیا گیا، تاکہ گھریلو تشدد کا شکار خواتین مدد حاصل کرسکیں۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے اس شراکت داری کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو سکون اور ترقی کے یکساں مواقع ہر عورت کا بنیادی حق ہے۔ جو خواتین گھریلو تشدد کا شکار ہیں، انہیں چاہیے کہ وزارت کے ہیلپ لائن کو استعمال کریں اور اپنے لیے انصاف حاصل کریں۔ یونی لیور کے ساتھ اس شراکت داری کے ذریعے ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اپنی سہولیات سے متعلق آگاہی فراہم کریں اور ان بچیوں کی مدد کریں جو اپنے لیے محفوظ اور ترقی میں معاون ماحول کا خواب دیکھتی ہیں۔

یونی لیور پاکستان کے چیئرمین اور چیف آپریٹنگ آفیسر عامر پراچہ نے بھی اس موقع پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک کی لاکھوں خواتین گھریلو تشدد کا شکار ہیں اور کووڈ۔19 کے بعد کی دنیا میں ان کےلیے حالات اور مشکل ہوگئے ہیں۔ اس شراکت داری کے ذریعے ہم خواتین کو بااختیار بنانے کےلیے ان میں حالات کا مقابلہ کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارا وژن پاکستان کی خدمت ہے اور بطور کارپوریٹ سماجی ذمے داری مجھے امید ہے کہ ہمارا پیغام ہر پاکستانی کو متاثر کرے گا تاکہ سب مل کر پاکستان کو مساویانہ معاشرہ بناسکیں۔

یونی لیور پاکستان کی ڈائریکٹر برائے بیوٹی اینڈ پرسنل کیئر محترمہ عاصمہ حق نے اس معاہدے پر اپنی مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ برانڈز میں اتنی طاقت ہوتی ہے کہ وہ سماجی تبدیلی لاسکیں۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہم اپنے پلیٹ فارم کو اس اہم مقصد کےلیے استعمال کریں اور پاکستان کی آدھی آبادی یعنی خواتین کی آواز بنیں۔ لائف بوائے شیمپو کا پیغام ’’تم مضبوط ہو‘‘ ہماری بیٹیوں کے عزم اور حوصلے کی پختگی کا پیغام ہے۔ اور اس پیغام نے گزشتہ دو سال میں ملک کی دس ہزار سے زائد بچیوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ اس مہم کے ذریعے ہماری کوشش ہے کہ ماؤں کو بیٹیوں کی تعلیم کی اہمیت و افادیت سے آگاہی فراہم کریں اور اس مد میں اگر انہیں کوئی تعاون درکار ہو تو ان کی مدد کریں۔

یونی لیور پاکستان کا تعارف:

یونی لیور پاکستان ملک میں 1991 میں قائم ہوئی اور اب ملک میں کنزیومر اشیا تیار کرنے والی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ یونی لیور کے برانڈز جیسے لکس، لائف بوائے صابن، لائف بوائے شیمپو، لپٹن، سن سلک، سرف ایکسل اور والز اپنے اعلیٰ معیار کی بدولت نہ صرف ملک کے صارفین کی اولین پسند ہیں بلکہ انہیں صارفین کا اعتماد بھی حاصل ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔