تحریکوں سے ملک بحرانوں کا شکار، حکومت نے ڈیلیور نہیں کیا، ایکسپریس فورم

اجمل ستار ملک / احسن کامرے  جمعرات 11 مارچ 2021
ایکسپریس فورم میں کرنل(ر) فرخ چیمہ، پروفیسر ڈاکٹر ارم ،ڈاکٹر امجد مگسی شریک گفتگو ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ایکسپریس فورم میں کرنل(ر) فرخ چیمہ، پروفیسر ڈاکٹر ارم ،ڈاکٹر امجد مگسی شریک گفتگو ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

 لاہور: موجودہ مسائل کی وجہ پارلیمنٹ کا کمزور ہونا ہے۔

ہمارا المیہ ہے کہ یہاں تحریکیں ہمیشہ حکومتیں گرانے کیلیے چلیں تعمیر کیلیے نہیں جس کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہوا، اب بھی ایسی ہی صورتحال ہے اور حکومت اور اپوزیشن کے غیر جمہوری رویوں کو دنیا دیکھ رہی ہے جبکہ ملک و قوم کا نقصان ہورہا ہے۔ تمام مسائل کی وجہ پارلیمنٹ کا کمزور ہونا ہے۔ حکومت نے ڈیلیور نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہارسیاسی اور دفاعی تجزیہ نگاروں نے ’’موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور مستقبل کا منظر نامہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں کیا۔

شعبہ سیاسیات جامعہ پنجاب کی چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر ارم خالد نے کہا کہ حکومت نے کرپشن کے نام پر اپوزیشن کا منفی تاثر دینے کی کوشش کی۔ حکومت نے ڈیلور نہیں کیا بلکہ عوام کی آزمائشوںمیں اضافہ ہوا اور مسائل میں شدت آئی ہے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن مزید اہمیت اختیار کرے گا، حکومتی نمبرز کم ہیں جب حکومتی امیدوار جیتے گا تو سوالات اٹھیں گے۔

سیکرٹری پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر امجد مگسی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی کمزوری کی وجہ سے آج حالات اس نہج پر پہنچے ہیں۔ اس ساری صورتحال کی ذمہ دار سیاسی قیادت ہے۔ پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے کی بھاری ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

دفاعی تجزیہ نگار کرنل(ر) فرخ چیمہ نے کہا کہ ہمیشہ حکومت گرانے کیلئے ہی تحریک چلی، تعمیر کیلئے نہیں، اب ان تحریکیں چلانے والوں کی تیسری نسل ہے جسے وہ لانچ کرنے کیلئے ساری جدوجہد کر رہے ہیں۔ عمران خان کی حکومت گرنے یا اس کی مدت ختم ہونے کے بعد یہ آپس میں گتھم گتھا ہونگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔