3 ہفتے میں فٹنس ثابت کرو، شرجیل کوچیلنج مل گیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 23 مارچ 2021
انٹرا اسکواڈ میچ میں شرکت کے بجائے اوپنر سخت ٹریننگ میں مصروف رہے۔ فوٹو : فائل

انٹرا اسکواڈ میچ میں شرکت کے بجائے اوپنر سخت ٹریننگ میں مصروف رہے۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  شرجیل خان کو 3ہفتے میں فٹنس ثابت کرنے کا چیلنج مل گیا تاہم انھیں جنوبی افریقہ کیخلاف 10اپریل کو شیڈول پہلے ٹی ٹوئنٹی سے قبل جسمانی استعداد میں اضافہ اور وزن کم کرنا ہوگا۔

دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلیے شرجیل خان کو اسکواڈ کا حصہ بنانے پر چیف سلیکٹر محمد وسیم سخت تنقید کی زد میں آئے تھے،سابق کرکٹرزکا کہنا تھا کہ بورڈ نے فٹنس کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی پالیسی کو خود ہی مستردکردی ہے،خاص طور پر اوپنر کا وزن زیادہ ہونے کا بہت زیادہ ذکر ہوتا رہا،دوسری طرف سلیکشن کے معاملے میں چیف سلیکٹر کی جانب سے کوچ اور کپتان کی رائے کو نظر انداز کرنے کی باتیں بھی سامنے آئیں۔

اگرچہ کپتان بابر اعظم نے میڈیا سے گفتگومیں اختلافات کو معمول کی کارروائی قرار دیتے ہوئے شرجیل خان کو سپورٹ کرنے کا بیان بھی دیا تھا مگر مسائل اپنی جگہ موجود ہیں،’’کرک انفو‘‘ کے مطابق اس صورتحال میں شرجیل خان کو 3ہفتے کا فٹنس چیلنج دیا گیا ہے۔

دورہ جنوبی افریقہ میں پہلا ٹی ٹوئنٹی 10اپریل کو کھیلا جائے گا،اوپنر کی پلیئنگ الیون میں شمولیت فٹنس ثابت کرنے پر ہی ہوگی،انھیں جسمانی استعداد میں اضافہ اوراپنا وزن کم کرنا ہوگا، قذافی اسٹیڈیم میں جاری قومی وائٹ بال اسکواڈ کے تربیتی کیمپ میں گذشتہ روز شرجیل خان کو پریکٹس میچ کھلانے سے گریز کرتے ہوئے جسمانی ٹریننگ میں مصروف رکھا گیا تاکہ وہ فٹنس کے حوالے سے دیے گئے ٹارگٹ کو حاصل کرسکیں،اس دوران ایک ٹرینر خصوصی طور پر ان کو رہنمائی فراہم کرتا رہا۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل2017کے اوائل میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزاپانے والے شرجیل خان بڑی بے تابی سے کم بیک کے منتظر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔