مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی کے ایک اور اہلکار نے خودکشی کرلی

ویب ڈیسک  منگل 23 مارچ 2021
خودکشی کا واقعہ جموں کے فوجی اڈے میں پیش آیا، فوٹو: فائل

خودکشی کا واقعہ جموں کے فوجی اڈے میں پیش آیا، فوٹو: فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کیمپ میں ایک اور اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ 

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں کے علاقے ریپیئر کیمپ میں بھارتی فوج کے 26 سالہ اہلکار نے اپنے سر میں گولی مار کر خودکشی کرلی۔ نوجوان کا تعلق مدھیہ پردیش تھا اور حال ہی میں جموں میں تعیناتی ہوئی تھی۔

خودکشی کرنے والے اہلکار کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زیادہ خون بہہ جانے کے باعث فوجی اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔ تاحال خودکشی کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے منتقل کردیا گیا۔

مقبوضہ کشمیر میں 2007 سے تاحال کم ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث خودکشی کرنے والوں کی تعداد 496 ہوگئی ہے جب کہ وزارت دفاع نے بھارتی فوجیوں کی خودکشی کے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

دریں اثناء مقبوضہ کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں 35 سالہ پولیس اہلکار امجد حسین کی کار پل سے نیچے گر گئی جس کے نتیجے میں اہلکار کی موت واقع ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔