سعودی عرب میں خواتین کے لیے علیحدہ ساحلی علاقہ تیار کرنے کا منصوبہ

ویب ڈیسک  منگل 23 مارچ 2021
اس ساحل پر صرف خواتین اور ان کے بچوں کو آنے کی اجازت ہوگی، فوٹو : فائل

اس ساحل پر صرف خواتین اور ان کے بچوں کو آنے کی اجازت ہوگی، فوٹو : فائل

ریاض: سعودی عرب میں خواتین کو سمندر کے مناظر سے لطف اندوز ہونے اور ساحل پر آزادانہ سیر و تفریح کرنے کے لیے ایک ایسے ساحل کی تیاری کا منصوبہ بنایا گیا ہے جہاں صرف خواتین کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں دنیا کے پہلے خواتین کے لیے مختص ساحل کی تیاری کا آغاز ہونے والا ہے جو کورنیش سی فرنٹ کے شمال میں واقع ہوگا اور یہ پروجیکٹ الجبیل انڈسٹریل سٹی کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔

خواتین کے لیے علیحدہ ساحل میں پرائیویسی کا خاص خیال رکھا جائے گا جب کہ یہاں سبزہ زار، ریسٹورنٹس، قہوہ خانے، سپر مارکیٹس اور دیگر سہولیات بھی موجود ہوں گی اور اس ساحل پر خواتین کے ساتھ صرف بچوں کو لانے کی اجازت ہوگی۔

الجبیل کی بلدیاتی کونسل کے چیئرمین نایف الدویش نے سعودی میگزین کو انٹرویو میں بتایا کہ خواتین کے لیے علیحدہ ساحل کا ڈیزائن تیار کرلیا گیا ہے، تعمیرات کا آغاز 90 روز میں ہوجائے گا۔ اس پروجیکٹ کے لیے پانچ سالہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

نایف الدویش کا مزید کہنا تھا کہ یہ پروجیکٹ ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کا حصہ ہے جس کے تحت خواتین کو ملازمت، ڈرائیونگ اور کھیلوں کی اجازت کے ساتھ ساتھ تفریح کے مواقع بھی فراہم کیئے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔