متحدہ کا نشتر پارک میں جلسہ، نئے صوبے بنانے اور دوبارہ مردم شماری کا مطالبہ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 26 مارچ 2021
ہمیں دبانے والے ہمارے سامنے جھکنے والے ہیں، ہمیں مٹانے والے ہم سے مدد مانگتے ہیں، کچھ دیر انتظار ہے ہم منزل  کی جانب جا رہے ہیں، خالد مقبول (فوٹو : ایکسپریس)

ہمیں دبانے والے ہمارے سامنے جھکنے والے ہیں، ہمیں مٹانے والے ہم سے مدد مانگتے ہیں، کچھ دیر انتظار ہے ہم منزل کی جانب جا رہے ہیں، خالد مقبول (فوٹو : ایکسپریس)

 کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبو ل صدیقی نے کہا ہے کہ آبادی کے لحاظ سے پاکستان میں زیادہ سے زیادہ صوبے بنائے جائیں سب سے زیادہ ضروری سندھ میں شہری صوبہ ہے، حکومت  فوری طور پر نئی مردم شماری کرائے جو پوری قوم کے لیے قابل قبول ہو۔

یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے 37 یوم تاسیس  کے موقع پر نشتر پارک میں بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جلسے میں کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

mqm nishter park jalsa 25 march 2021 2

خالد مقبول نے کہا کہ مردم شماری شفاف ہو اور اس کی بنیاد پر ایسی ووٹر لسٹ بنائی جائے جسے سب تسلیم کریں، نئی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیاں کی جائیں، ہماری استقامت کام آرہی ہے، ہمیں دبانے اور ہمیں ختم کرنے والے ہمارے سامنے جھکنے والے ہیں، ہمیں مٹانے والے ہم سے مدد مانگتے ہیں، کچھ دیر انتظار ہے ہم منزل  کی جانب جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اجداد نے ہمیں پورا پاکستان دیا تھا، ہمارے قائدین کا سلسلہ قیادتوں کے عظیم سلسلے سے تھا، ہمارے اجداد نے پاکستان کا خواب بھی دیا اور اس کی تعبیر بھی  دی، ہمارے قائدین نے ہندوستان کے مشرق میں مشرقی پاکستان اور مغرب میں مغربی پاکستان دیا، قائداعظم زندہ ہوتے تو کشمیر مشرقی اور مغربی پاکستان کو ملا چکے ہوتے لیکن بھٹو نے ہمیں آدھا پاکستان دیا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ  پاکستان کی تکمیل کی جدوجہد کی وجہ سے ہم پر الزامات لگائے جاتے ہیں، حق پرستی کی تحریک تمام مشکلات کے باوجود چل رہی  ہے، حق پرستی کی تحریک آگے بڑھ رہی ہے، ہمیں یقین اور اعتماد ہے کہ لہو رائیگاں نہیں جا ئے گا۔

mqm nishter park jalsa 25 march 2021 5

رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ہماری خواہش اور ارادہ تھا کہ ہم یوم تاسیس 18 مارچ کو مناتے لیکن ہمیں بتایا گیا کہ 18 مارچ کو شہر کے امن اور ملک کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے تو ہمیں اپنے شہر کا امن اور ملک کی سلا متی سب سے زیادہ عزیز ہے اس لیے ہم نے تا ریخ تبدیل کردی۔

خالد مقبول کا کہنا تھا کہ تا ریخ تبدیل کرنے سے تحریک تبدیل نہیں ہوتی، ہماری نسبتیں تحریک پاکستان، تحریک خلا فت، ریشمی رومال تحریک، سرسید کے افکار، سید احمد شہید اور 1857ء جنگ آزادی سے جڑی ہوئی ہیں، یہ  سلسلہ حسرت موہانی کی اسیری، قائد اعظم کی استقامت اور شہید ملت کی شہادت سے جڑا ہوا ہے،23 مارچ پاکستان بننے کا فیصلہ تھا، 18 مارچ پاکستان بچانے کا فیصلہ ہے۔

mqm nishter park jalsa 25 march 2021 4

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان بے حسی کے دور میں وارد ہوئی، ملک کی ترقی جمہوریت کے راستے پر چل کر ہی ممکن ہے، صوبہ سندھ میں ایک علیحدہ شہری سندھ علاقوں پر مشتمل صوبہ قائم کیا جائے اور 2017ء مردم شماری کو کالعدم قرار دیا جائے اور جدید دنیا سے تعاون حاصل کرکے شفاف مردم شماری کرائی جائے۔

خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ پاکستان جن کے ہتھے لگا انہیں تو پاکستان مفت میں ملا، محترمہ فاطمہ جناح کے ساتھ کھڑے رہنے کی سزا مہاجروں کی بستیوں پر حملہ کیا گیا جنہیں پاکستان ملا انہوں نے مخبریاں کیں، ایسا طبقہ پاکستان پر مسلط ہوا جن کا آزادی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

جیسا ہمارے کارکنوں کے ساتھ ہوا ایسا کسی کے ساتھ نہیں ہوا، عامر خان

ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما عامر خان  نے کہا کہ کبھی کسی سیاسی جماعت کے کارکنان کے ساتھ ایسا نہیں ہوا جو ہمارے کارکنان کے ساتھ ہوا، کیا کبھی کسی سیاسی جماعت کے کارکنان کا ماورائے عدالت قتل ہوا؟ کیا ہمارے نوجوانوں نے کبھی پہاڑوں پر چڑھ کر ہتھیار اٹھائے اور جہاز اغوا کیا ؟ ہمارا قصور صرف مظلوم و متوسط طبقے کی آواز آٹھانا ہے۔

mqm nishter park jalsa 25 march 2021 3

ڈی جی رینجرز سے ملنے پر بھی ہمارے کارکنان رہا نہیں ہوئے، کشور زہرہ

رابطہ کمیٹی کی رکن کشور زہرا نے کہا کہ پی اینڈ ٹی کالونی گزری سے کارکنان کی گرفتاری پر ڈی جی رینجرز سندھ سے ملاقات کے باوجود کارکنان کو رہا نہیں کیا گیا، ڈی جی رینجرز سے کہا آپ اس طرح امن قائم نہیں کرسکتے جیسا آپ کررہے ہیں اس طرح وردی والے اور سیویلین کے درمیان فاصلے کبھی کم نہیں ہوں گے، ہمارے کارکنان کو لاپتا نہ کریں۔

اب بھی وقت ہے جسے آنا ہے متحدہ قومی موومنٹ میں آجائے، وسیم اختر

سابق مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ نشتر پارک کا جلسہ ثابت کر رہا کہ ایم کیو ایم متحد ہے، تمام سازشوں کو ناکام بنا کر ہمارے ارکان اسمبلی نے سینیٹرز منتخب کرائے، چار سال میئر شپ کے انتہائی دشوار رہے، اب بھی وقت ہے جسے آنا ہے متحدہ قومی موومنٹ میں آجائے، جس طرح سے ہم نے سینیٹ کا الیکشن جیتا انشا اللہ بلدیاتی اور قومی الیکشن بھی جیت جائیں گے۔

جنرل یحیی خان کراچی کو الگ صوبہ بنا رہے تھے، کنور نوید جمیل

رابطہ کمیٹی  کے سینئررہنما کنور نوید جمیل نے کہا کہ جنرل یحیی خان کراچی کو الگ صوبہ بنا رہے تھے مگر ہماری بزرگوں نے کراچی کو سندھ کے ساتھ رہنے پر ترجیح دی، پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک ایک مہاجر اپنا پیٹ کاٹ کر ٹیکس ادا کرتا ہے، متعصب صوبائی حکومت شہری سندھ کو پینے کا پانی تک فراہم کرنے کے لیے تیار نہیں، صوبائی حکومت کے ساتھ وفاقی حکومت اور اداروں سے بھی گلہ ہے کہ کراچی کےعوام کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے، پہلے متعصب کوٹا سسٹم نافذ کیا گیا پھر اس کوٹا کے مطابق بھی شہری سندھ کو نوکریاں نہیں دی گئیں۔

mqm nishter park jalsa 25 march 2021 6

بھٹو کے دور سے اب تک کراچی میں کبھی مردم شماری نہیں ہوئی، فیصل سبزواری

سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا کہ اسمبلیوں میں عام آدمی کی نمائندگی دیکھنی ہو تو ایم کیو ایم پاکستان کو دیکھو، بھٹو کے دور سے اب تک کسی بھی مردم شماری میں شہری سندھ کو درست نہیں گنا گیا، جس روز شہری سندھ کو صحیح گنا گیا وزیراعلی شہری سندھ سے ہوگا، مردم شماری کا پانچ فیصد آڈٹ نہیں ہوسکتا تو پھر نئی مردم شماری کرائی جائے۔

شہری سندھ کے دشمنوں کے خلاف جدوجہد کا آغاز ہوگیا، اظہار الحسن

رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن  نے کہا کہ مہاجروں سے زیادہ پاکستانی اس پورے خطے میں کوئی نہیں، پاکستان میں اگر کوئی متوسط طبقے کی جماعت ہے تو صرف ایم کیو ایم پاکستان ہے، جاگیرداری، کاروکاری، سندھو دیش کے خلاف، کوٹا سسٹم کے خلاف اب جدوجہد تیز ہوگی، شہری سندھ کے دشمنوں کے خلاف جدوجہد کا آغاز ہوگیا، ایم کیو ایم کسی سے خوف زدہ نہیں بلکہ عدم تشدد کی پالیسی پر گامزن ہے۔

mqm nishter park jalsa 25 march 2021 7

سندھ حکومت نے سندھ دھرتی ماں کا بیڑہ غرق کردیا، ظفر کمالی

رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر ظفر کمالی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا جلسہ قومی  یک جہتی اور مہاجر اتحاد کی مثال ہے، سندھ حکومت نے رکاوٹیں ڈال کر ہماری ریلیوں کو مختلف علاقوں میں روک دیا، سندھ حکومت نے سندھ دھرتی ماں کا بیڑہ غرق کردیا، میرپور خاص سمیت اندرون سندھ  کی تمام سڑکیں تباہ، سرکاری ہسپتال بند پڑے ہیں، سندھ حکومت کے نسل پرست وزیرتعلیم کہتے ہیں کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی ان کی لاش پر بنے گی،

پاکستان کے لیے سب سے زیادہ جدوجہد ایم کیوایم نے کی، عبدالحسیب

رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالحسیب نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے تمام تر مشکلات اور سازشوں کے باوجود بھی  حق پرستی کا سفر جاری رکھا، پاکستان کے استحکام کے لیے سب سے زیادہ جدوجہد ایم کیوایم نے کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔