قطر فٹبال ورلڈ کپ2022

عبد العزیز  اتوار 28 مارچ 2021
کوالیفائرز میں برتری کیلیے جنگ شروع۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کوالیفائرز میں برتری کیلیے جنگ شروع۔ فوٹو: سوشل میڈیا

عوام کو کورونا سے محفوظ رکھنے کیلیے کورونا ویکسین لگانے کا سلسلہ دنیا بھر میں جاری ہے، حالات میں بہتری آنے پر کھیلوں کے میدانوں میں تماشائیوں کی رونقیں بھی بحال ہوں گی، اسی امید پر قطر فٹبال ورلڈ کپ 2022 کی تیاریاں بھی جاری ہیں.

کوالیفائرز کی جنگ پھر سے شروع ہوچکی، یورپ میں گزشتہ دنوں ابتدائی مرحلے میں 3 سابق چیمپئنز جرمنی، انگلینڈ اور اٹلی نے کامیابی سے کھاتہ کھول لیا جبکہ اسپین اور یونان کا مقابلہ 1-1 سے برابری پر تمام ہوگیا، ایشین کوالیفائر کے آغاز پر واحد میچ میں تاجکستان نے منگولیا کو 0-3 سے مات دیدی۔

یورپ کے کوالیفائرز پر نظر دوڑائی جائے تو جمعرات 25 مارچ کو نئے راؤنڈ میں انگلینڈ نے ہوم گراؤنڈ ویمبلے پر سان مارینو کو 0-5 سے آؤٹ کلاس کردیا، رواں ماہ انگلش ٹیم 3 میچز کھیلے گی، تھری لائنز کی عرفیت رکھنے والی انگلش ٹیم اب اتوار کی شب البانیہ کی مہمان بنے گی جبکہ 31 مارچ کو ویمبلے میں پولینڈ کی ٹیم ان کے مقابل آئے گی۔

اس کے علاوہ انگلش ٹیم ستمبر میں مزید 3 میچز کھیلے گی، جہاں 2 ستمبر کو ہنگری، 5 ستمبر کو آندورا اور 8 ستمبر کو پولینڈ ان کی حریف ہوگی، انگلش ٹیم اکتوبر میں بھی دو کوالیفائرز کھیلے گی، جس میں 9 اکتوبر کو آندورا اور 12 اکتوبر کو ہنگری ان کی مہمان بنے گی، اس کے بعد 12 نومبر کو البانیہ جبکہ 15 نومبر کو سان مارینو ان کے مقابل آئے گی۔

یورپ میں منعقدہ 25 مارچ کو منعقدہ میچز میں سوئٹزرلینڈ نے بلغاریہ کو 1-3 سے قابو کیا، صوفیہ میں ہونے والے اس میچ میں مہمان ٹیم کے لیے بریل ایمبولو ، ہیریس سیفارووک اور اسٹیون زوبیر نے گیند کو جال کی راہ دکھائی، میزبان ٹیم کا واحد گول دوسرے ہاف کے آغاز پر کیرل ڈیسپوڈوف نے کیا، سوئٹزرلینڈ کو اپنے گذشتہ 31 ورلڈ کپ کوالیفائرز میں سے صرف ایک ناکامی کا سامنا رہا ہے، یہ شکست انھیں 10 اکتوبر 2017 کو پرتگال سے ملی تھی، ڈنمارک نے اسرائیل کو 0-2 سے زیر کیا، سوئیڈن نے جورجیا کیخلاف 0-1 سے کامیابی حاصل کی۔

معروف اسٹرائیکر زلاٹن ابراہیمووچ نے تقریباً 5 برس بعد ملکی ٹیم کی جرسی زیب تن کی، اسکینڈے نیوین ملک کی ٹیم کھیل کے 39 ویں منٹ تک جدوجہد کرتی دکھائی دی لیکن پھر مائیکل لسٹنگ کے کراس پر وکٹر کلیسن نے گیند کو سینے پر روک کر فلک کرتے ہوئے گیند کو جال کے سپرد کردیا۔

جرمنی نے آئس لینڈ کو 0-3 سے زیر کرلیا4 مرتبہ کی چیمپئن سائیڈ نے کھیل کے 7 منٹوں میں حریف کو 2 گول داغ کر دباؤ میں لے لیا، مالڈووا اور فورے آئی لینڈ کا مقابلہ 1-1 سے برابر ہوگیا، اسی طرح اسپین اور یونان کی ٹیمیں بھی مقررہ وقت کے خاتمے تک ایک ایک گول بناپائی۔

اسکاٹ لینڈ اور آسٹریا کی معرکہ آرائی بھی 2-2 سے برابری پر تمام ہوگئی، نارتھ مقدونیہ کو رومانیہ کے ہاتھوں 2-3 سے شکست کا سامنا رہا، البانیہ نے آندورا کیخلاف 0-1 سے جیت کو اپنا مقدر بنایا، ہنگری اور پولینڈ کا مقابلہ بھی 3-3 کے اسکور پر تمام ہوگیا، آرمینیا نے لیکنسٹن کو 0-1 سے زیر کیا، اٹلی نے شمالی آئرلینڈ کو 0-2 سے قابو کرلیا،اس کامیابی کے ساتھ ہی اطالوی ٹیم نے ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ 23 میچز تک دراز کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔