صبا قمر کا شادی کے فیصلے پر نیا موڑ

ویب ڈیسک  جمعـء 2 اپريل 2021
 میں زندگی میں کبھی عظیم خان سے نہیں ملی، صبا قمر فوٹوفائل

میں زندگی میں کبھی عظیم خان سے نہیں ملی، صبا قمر فوٹوفائل

کراچی: اداکارہ صبا قمر نے شادی کے فیصلے سے متعلق بڑا اعلان کیا ہے جو یقیناً ان کے مداحوں کے لیے مایوسی کا باعث ہے۔

اداکارہ صبا قمر نے چند روز پہلے بلاگر عظیم خان کے ساتھ شادی کرنے کا اعلان کرکے اپنے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔ صبا قمر کی شادی کے اعلان کے بعد ایک خاتون نے ان کے منگیتر عظیم خان پر زیادتی اور قتل کی دھمکیوں جیسے سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

تاہم صبا قمر نے عظیم خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں عظیم پر مکمل بھروسہ ہے۔ لیکن اب اچانک صبا قمرنے عظیم خان سے تعلق ختم کرکے ایک بار پھر اپنے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔

صبا قمر نے انسٹاگرام پر تمام لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’میں ایک اہم اعلان کرنا چاہتی ہوں، کچھ نجی وجوہات کی وجہ سے میں نے عظیم خان سے شادی کا فیصلہ منسوخ کردیا۔ اب ہم شادی نہیں کررہے۔ امید کرتی ہوں کہ آپ سب میرے فیصلے میں میرا ساتھ دیں گے بالکل اس طرح جیسے آپ نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے۔ اور مجھے لگتا ہے تلخ حقیقتوں کا ادراک کرنے میں دیر نہیں ہوئی۔

صبا قمر نے مزید کہا میں ایک اور اہم بات کی وضاحت کرنا چاہتی ہوں کہ میں زندگی میں کبھی عظیم خان سے نہیں ملی ہم صرف فون کے ذریعے ہی رابطے میں تھے۔ یہ میرے لیے مشکل وقت ہے لیکن جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں یہ وقت بھی گزر جائے گا۔ انشا اللہ۔

دوسری جانب عظیم خان نے صبا قمر کے شادی کی منسوخی کے فیصلے پر ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے صبا قمر کی پوسٹ کو اپنی انسٹا اسٹوری پر شیئر کراتے ہوئے کہا ’’صبا نے میری طرف کی اسٹوری نہیں لکھی اور ہاں یہ میری غلطی ہے۔ ‘‘

واضح رہے کہ صبا قمر اور عظیم خان دونوں نے اچانک شادی کی منسوخی کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔