والدین کا 190 تولا سونا ڈکیتی کے نام پر ہڑپ کرنے والا بیٹا اور بہو گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 2 اپريل 2021
ڈکیتی کی جعلی واردات کا منصوبہ بنانے والے ملزمان نے تفتیش میں حقیقت کھول دی جس پر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ فوٹو : فائل

ڈکیتی کی جعلی واردات کا منصوبہ بنانے والے ملزمان نے تفتیش میں حقیقت کھول دی جس پر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: ڈیفنس میں والدین کا 190 تولا سونا ہڑپ کرنے کے لیے ڈکیتی کا ڈرامہ کرنے والے بیٹا اور بیوی کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایس پی کلفٹن عمران مرزا کے مطابق درخشاں تھانے کی حدود ڈیفنس فیز 6 خیابان حافظ کے رہائشی اصغر نے 20 مارچ کو تھانے میں گھر کے باہر ڈکیتی کا مقدمہ درج کرایا۔

مقدمے میں مدعی اصغر نے بتایا کہ گھر میں شادی کی تیاری تھی، بینک لاکر میں رکھے فیملی کے زیورات نکلوا کر خیابان حافظ پر گھر کے باہر پہنچا تو موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے زیورات اور نقدی لوٹ لی۔

پولیس کے مطابق مدعی کی جانب سے فراہم کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات ہوتے ہوئے دکھائی دے رہی تھی، سائنسی بنیادوں پر تفتیش کی گئی تو شکوک و شبہات سامنے آئے، واردات کے وقت علاقے کی جیو فینسنگ اور موبائل فون کے کال ڈیٹا نے بھانڈا پھوڑ دیا۔

پولیس نے بتایا کہ کچھ عرصے قبل والدین نے اصغر خالق کو اپنے زیورات بینک لاکرز میں رکھنے کے لیے دیے تھے، اصغر نے بیوی سے مل کر بہن بھائیوں کا مشترکہ سونا دو سال میں مختلف اوقات میں بیچ دیا، ایک بھائی کی شادی کے موقع پر بھائیوں نے لاکر سے زیورات نکلوا کر لانے کا تقاضا کیا جس پر ملزم پریشان ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نےکافی زیورات بیچ دیئے تھے اسی لیے اس نے ڈکیتی کی جعلی واردات کا منصوبہ بنایا، ملزم نے اپنی بیوی کے کزن فائق علی سے ڈرامے میں ڈاکو کا کردار نبھانے کا کہا، مقامی یونیورسٹی میں کوآرڈی نیٹر خالق علی اپنے ساتھی کے ہمراہ واردات کا ڈرامہ کرکے فرار ہوگیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو بغیر اسلحہ دکھائے شاپر چھین کر فرار ہونے پر پولیس کو شک ہوا۔

پولیس کے مطابق علاقے کی جیو فینسنگ سے دو ملزمان کی مدعی مقدمہ کے ہمراہ موجودگی ظاہر ہوگئی، موبائل فون ریکارڈ میں واردات کے وقت تک مدعی اور ملزمان کی آپس میں 38 بار گفتگو ہوئی، تفتیش کے دوران ملزمان نے تمام حقیقت کھول دی جس پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔