امریکی کیپٹل ہل کی عمارت پر ایک بار پھر حملے کی کوشش، سیکیورٹی اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 اپريل 2021
پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک، امریکی میڈیا۔ فوٹو:اے ایف پی

پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک، امریکی میڈیا۔ فوٹو:اے ایف پی

 واشنگٹن: امریکا میں کیپٹل ہل کی عمارت کے باہر کھڑے سیکیورٹی اہلکاروں پر مشتبہ حملہ آور نے گاڑی چڑھادی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست واشنگٹن ڈی سی میں کیپیٹل ہل کی عمارت پر ایک بار پھر حملے کی کوشش کی گئی تاہم سیکیورٹی فورسز نے حملہ کو ناکام بنادیا جب کہ واقعہ میں حملہ آور سمیت ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتبہ حملہ آور نے کیپٹل ہل کے باہر کھڑے سیکیورٹی اہلکاروں پر پہلے گاڑی چڑھائی اور پھر گاڑی عمارت کے باہر حفاظت کے لیے لگائی گئی رکاوٹوں سے ٹکرادی جس کے بعد حملہ آور گاڑی سے باہر نکلا اور چاقو لیکر سیکیورٹی اہلکار کی جانب بڑھنے لگا، اس دوران پولیس نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر اسے گولی ماردی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ٹرمپ کے حامیوں کا کانگریس کی عمارت پر دھاوا، 4 افراد ہلاک

واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے عمارت سمیت پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ زخمی اہلکاروں اور حملہ آور کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں حملہ آور ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حملے کا نہ تو دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی مزید کسی حملے کا خدشہ ہے جب کہ واقعہ کا جنوری میں کیپیٹل ہل کی عمارت پر ہونے والے حملے سے بھی کوئی تعلق نہیں، حملہ آور کی شناخت 25 سالہ نوح گرین کے نام سے ہوئی ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کیپٹل ہل پر ایک بار پھر حملے کی اطلاعات

دوسری جانب اسپیکر نینسی پلوسی نے حملے میں ہلاک پولیس آفیسر کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے لیے آفیسر نے قربانی دی، پوری قوم کو آفیسر پر فخر ہے اور خراج عقیدت کے لیے پرچم سرنگوں رہے گا۔

واضح رہے کہ سال کے آغاز میں امریکی پارلیمنٹ پر ٹرمپ کے حامیوں کے دھاوے اور پولیس کی شیلنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جب کہ 52 کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔