ملتان میں غلط سرجری کے باعث 11 مریض بینائی سے محروم

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 اپريل 2021
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے لیا

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے لیا

ملتان: نجی لئیق رفیق اسپتال کے میڈیکل کیمپ میں غلط سرجری کے باعث 11 مریضوں کی ایک آنکھ کی بینائی متاثر ہوگئی۔

ملتان کے علاقے گلابی والا میں انصاف صحت کارڈ پر موتیے کا آپریشن کرانے والے 11 مریض اس آنکھ کی بینائی سے محروم ہوگئے۔ ان مریضوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔

اس اسپتال میں پہلی بار یہ سرجری کی گئی اور ڈاکٹر حسنین مشتاق نے یہ آپریشن کیا۔ اس حوالے سے صحت انصاف کارڈ کے حامل مستحق مریضوں کی مفت سرجری کرکے حکومت سے انصاف کارڈ کے تحت رقم کلیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید علی عظمت عابدی نے کہا کہ آئی سرجن ڈاکٹر حسنین مشتاق کے کہنے پر پہلی بار ہسپتال میں آئی سرجری کروائی گئی، جس کے بعد مریضوں کو ایک دن ہسپتال میں رکھنے کے بعد ڈسچارج کیا گیا، آئی سرجن ڈاکٹر حسنین مشتاق سرجری کا سب سامان خود لے کر آئے، ڈاکٹر حسنین کے مطابق موسمی اثرات کے باعث بھی ایسا انفیکشن ہو سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مریضوں کے بینائی سے محروم ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت اور کمشنر ملتان ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے اور ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، بینائی سے محروم افراد کےعلاج معالجے پر خصوصی توجہ دی جائے، حقائق منظر عام پر لائے جائیں اور ان افراد کی دادرسی کی جائے۔

ادھر محکمہ صحت کو بھی ہوش آگیا۔ سی ای او ہیلتھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر فاروق کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جس نے نجی ہسپتال کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے بھی انکوائری کے لیے اسپتال کا جائزہ لیا۔

انکوائری ٹیم میں ضلعی سرویلنس کوآرڈینیٹر، ڈی ڈی ایچ او ہیڈ کوارٹر ڈاکٹر ہادی، ڈرگ کنٹرولر عبدالطیف، ڈاکٹر ارم ماہر امراض چشم موجود ہیں۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے بھی معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔