قوم کو ایک رمضان، ایک عید کا تحفہ دیں گے، طاہر اشرفی

نمائندہ ایکسپریس  پير 5 اپريل 2021
رویت کے فیصلے سائنسی علوم ،شریعت اسلامیہ کے احکامات کے مطابق ہونگے

رویت کے فیصلے سائنسی علوم ،شریعت اسلامیہ کے احکامات کے مطابق ہونگے

 لاہور: وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہرمحموداشرفی سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد نے ملاقات کی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس امید کا ا ظہار کیا ہے کہ قوم کو ایک رمضان المبارک اور ایک عید کا تحفہ دیں گے ،ملاقات کے بعد حافظ طاہرمحموداشرفی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق رمضان المبارک اور عید کے چاند پر اتفاق ترجیح ہے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی سائنسی علوم اور گواہوں کو شریعت اسلامیہ کے احکامات کے مطابق دیکھے گی اور قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق چاند کی رویت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے رویت ہلال کمیٹی کے رمضان المبارک کیلئے اجلاس کو پشاور میں کرنے کے فیصلے کو درست سمت قرار دیتے ہوئے کہا امید ہے خیبر پختونخواہ کے علماء کی گواہیوں کے معاملہ میں شکایت دور ہو گی ، وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اس سلسلہ میں تمام فریقوں سے رابطہ میں ہیں ، مولانا عبد الخبیر آزاد با صلاحیت ہیں اور امید ہے کہ وہ مشکلات پر قابو پا لیں گے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔