اکشے کمار کی فلم کے 45 جونیئر اداکار بھی کورونا میں مبتلا

ویب ڈیسک  پير 5 اپريل 2021
فلم رام سیتو میں اکشے کمار کے ساتھ کام کرنے والوں کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا، فوٹو: فائل

فلم رام سیتو میں اکشے کمار کے ساتھ کام کرنے والوں کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا، فوٹو: فائل

 ممبئی: اکشے کمار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اُن کی فلم میں ساتھ کام کرنے والے جونیئر اداکاروں اور اسٹاف ممبرز کے بھی کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 45 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز اکشے کمار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد اداکار نے خود کو قرنطینہ کرتے ہوئے اُن تمام افراد سے کورونا ٹیسٹ کرانے کی درخواست تھی جو ان دنوں اکشے کمار سے ملے تھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : کورونا وائرس کا شکار اکشے کمار اسپتال منتقل 

اکشے کمار نے اپنی نئی فلم رام سیتو میں کام کرنے والے اداکاروں اور اسٹاف کے لیے بھی کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا تھا جس کے بعد 100 سے زائد افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں 45 کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔

اکشے کمار کو آج اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے اس حوالے سے اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتایا کہ میں خیریت سے ہوں تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر اور معالجین کی ہدایت پر اسپتال میں داخل ہورہا ہوں ۔

یہ خبر بھی پڑھیں : بھارت میں پہلی بار یومیہ کورونا کیسز ایک لاکھ سے تجاوز 

اداکار نے نیک تمناؤں اور دعاؤں پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہ آپ کی دعائیں رنگ لارہی ہیں میں جلد اسپتال سے واپس آؤں گا۔ آپ سب بھی اپنا خیال رکھیں۔

قبل ازیں بھارتی سپر اسٹار امیتابھ بچن سمیت رنبیر کپور،عالیہ بھٹ،عامر خان، منوج باجپائی، سدھانت چترویدی، تاراسوتاریا، ستیش کوشک اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی بھی کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ آج بھارت میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی جو کہ ایک ریکارڈ ہے، کورونا ویکسین کی مہم کے باجود نئے کیسز میں کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔