تنزلی پانیوالے پولیس افسران کو ترقیاں دی جائیں، الطاف حسین

ایکسپریس ڈیسک  ہفتہ 11 جنوری 2014
پولیس کی تنخواہوں میں 50فیصداضافہ ،جدیدآلات اوربلٹ پروف گاڑیاں دی جائیں، الطاف حسین۔ فوٹو: فائل

پولیس کی تنخواہوں میں 50فیصداضافہ ،جدیدآلات اوربلٹ پروف گاڑیاں دی جائیں، الطاف حسین۔ فوٹو: فائل

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے چوہدری اسلم کی سفاکانہ قتل کی شدید الفاظ میں پھرمذمت کرتے ہوئے حکومت سندھ سے اپیل کی ہے کہ ایسے پولیس افسران سمیت محکمہ پولیس کے تمام جوانوں اورافسران کو جدید ترین اسلحے،کمیونیکیشن آلات اوربلٹ پروف گاڑیوں سے فوری آراستہ کیاجائے۔

کیونکہ سندھ پولیس کے افسران اورجوان انتہائی ناگفتبہ حالات اورانتہائی پرانی ناقص آلات کے باوجودبڑی بے خوفی سے دہشت گردوں کیخلاف لڑکراپنی جانوںکے نذرانے پیش کررہے ہیں۔الطاف حسین نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ جن پولیس افسران کی عدالتی فیصلے کے تحت تنزلی کی گئی تھی اورجس سے ایسے پولیس افسران کی حوصلہ شکنی ہوئی تھی انھیں دوبارہ ان کے عہدوں پرنہ صرف بحال کیا جائے بلکہ ان کو مزیدترقی دی جائے۔

کیونکہ تنزلی کے بعداب تک کافی عرصہ گزرچکاہے۔الطاف حسین نے حکومت سندھ سے یہ بھی مطالبہ کیاکہ دہشتگردوں سے نبردآزمابہادرپولیس افسران اورجوانوںکوجدیدبلٹ پروف جیکٹ اورہیلمٹ اور جدیدترین ہتھیارفراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی تنخواہوں میں بھی50فیصداضافہ کیاجائے۔دریں اثنامتحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے ہنگومیں اپنی جان کانذرانہ دیکراسکول کے بچوںکو خودکش حملے سے بچانے والے نوجوان طالبعلم اعتزازحسین شہیدکوزبردست خراج عقید ت پیش کیا۔اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ نوجوان طالبعلم اعتزازحسین نے اپنی جان پرکھیل کرخودکش حملہ آوروں کوروکااوراپنی جان دیکردیگرطلباکی جانیں اوراسکول کوتباہ ہونے سے بچالیا،دہشت گردوںکیخلاف جرأت وبہادری کامظاہرہ کرنے والے طالبعلم اعتزازحسین شہیدکوسرکاری اعزاز سے نوازاجائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔