ایک ہی کمپنی کے ہزاروں کھلونے جمع کرنے کا عالمی ریکارڈ

ویب ڈیسک  جمعرات 8 اپريل 2021
ڈیوڈ میبین نامی یہ شخص اب تک ’’فنکو پاپ!‘‘ کے 8 ہزار سے زائد کھلونے جمع کرچکا ہے۔ (فوٹو: گنیز ورلڈ ریکارڈ)

ڈیوڈ میبین نامی یہ شخص اب تک ’’فنکو پاپ!‘‘ کے 8 ہزار سے زائد کھلونے جمع کرچکا ہے۔ (فوٹو: گنیز ورلڈ ریکارڈ)

ٹینیسی: شوق کا کوئی مول نہیں لیکن امریکا میں کھلونوں کے ایک شوقین شخص نے ایک ہی کمپنی کے سات ہزار سے زائد کھلونے خرید کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر ناکس ویلی کا رہائشی ڈیوڈ میبین، کھلونوں کے مشہور امریکی برانڈ ’’فنکو پاپ!‘‘ کے کھلونوں کا ایسا شوقین ہے کہ وہ ہر ہفتے اس کے 20 سے 30 کھلونے خرید کر انہیں اپنے گھر میں جمع کرتا رہتا ہے۔

خبروں کے مطابق، میبین نے نومبر 2020 میں گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اندراج کےلیے درخواست دی تھی۔ تب اس کے پاس ’’فنکو پاپ!‘‘ کے 7095 کھلونے تھے۔

کورونا وبا کی وجہ سے میبین نے 17 گھنٹے تک ویڈیو اسٹریمنگ کے ذریعے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے نمائندوں کو ’’فنکو پاپ!‘‘ کے وہ تمام کھلونے ایک ایک کرکے دکھائے جو اُس نے جمع کر رکھے تھے۔

تاہم اندراج کی کارروائی کے دوران بھی وہ مسلسل مزید کھلونے جمع کرتا رہا اور آج اس کے پاس ’’فنکو پاپ!‘‘ کے تقریباً 8 ہزار کھلونے جمع ہوچکے ہیں۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ نے بھی اس کی تصدیق کردی ہے لیکن میبین کا کہنا ہے کہ دریں اثناء وہ اپنا یہ ریکارڈ توڑ چکا ہے لہذا وہ اگلے ریکارڈ کا اندراج کروانے کےلیے بھی گنیز ورلڈ ریکارڈ سے جلد ہی رابطہ کرے گا۔

کھلونوں کے ایک اور امریکی شوقین نے اس ریکارڈ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہی جیسے سیکڑوں کھلونے جمع کرنا کوئی کارنامہ نہیں بلکہ اصل ریکارڈ تو یہ ہے کہ الگ الگ اقسام کے کھلونے جمع کیے جائیں۔

البتہ، گنیز ورلڈ ریکارڈ نے یہ اعتراض مسترد کرتے ہوئے میبین کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔