ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ، بھارتی میزبانی پر غیر یقینی کی تلوار لٹکنے لگی

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 8 اپريل 2021
امپائر کال قانون میں تبدیلی کاارادہ نہیں،پلیئرز کی ویکسی نیشن کیلیے حکومتوں پر دباؤ نہیں ڈال سکتے،جیف ایلرڈائس۔ فوٹو : آئی سی سی

امپائر کال قانون میں تبدیلی کاارادہ نہیں،پلیئرز کی ویکسی نیشن کیلیے حکومتوں پر دباؤ نہیں ڈال سکتے،جیف ایلرڈائس۔ فوٹو : آئی سی سی

نئی دہلی:  ٹی 20 ورلڈ کپ کی بھارتی میزبانی پر غیریقینی کی تلوار لٹکنے لگی جب کہ روزانہ ایک لاکھ  کورونا وائرس سامنے آنے پر آئی سی سی بھی گھبرا گئی۔

بھارت کو رواں برس اکتوبر میں مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرنا ہے تاہم ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کیسز نے آئی سی سی کو بھی پریشان کردیا،گذشتہ چند روز کے دوران بھارت میں روزانہ ایک لاکھ سے زائد نئے مثبت کیسز سامنے آرہے ہیں، ایسی صورتحال میں بھارت خود اپنی آئی پی ایل کیلیے بھی کافی فکرمند ہے۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے عبوری چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس نے واضح کردیاکہ میگا ایونٹ کی میزبانی کے حوالے سے پلان بی موجود ہے۔

ورچوئل میڈیاکانفرنس کے دوران ایلرڈائس نے کہاکہ ہم یقینی طور پر شیڈول کے مطابق ایونٹ منعقد کرنا چاہتے ہیں، ہمارے پاس پلان بی بھی موجود ہے مگر ابھی ان پلانز کو متحرک نہیں کیا، ہم اس وقت بی سی سی آئی کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، بیک اپ پلانز پر صرف مناسب وقت آنے پر ہی عمل درآمد کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ساتھی ملازمین سے بدسلوکی کی وجہ سے رخصت پر جانے والے مانو ساہنی کی جگہ ایلرڈائس کو عارضی طور پر چیف ایگزیکٹیو بنایا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ کرکٹ اس وقت بہت سے ممالک میں کھیلی جا رہی ہے، ہم ان سے بائیوببل کے حوالے سے کافی کچھ سیکھ رہے ہیں، اس کے ساتھ دوسری اسپورٹس باڈیز کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں، اس وقت تک ہماری تیاری اچھی مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ دنیا بہت تیزی سے بدل رہی ہے، ہمیں 2 ماہ کے اندر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کرانا ہوگا،اس حوالے سے بھی پلاننگ پر ہی عمل پیرا ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اگر بھارت میزبانی نہیں کرسکا تو پھر ٹی 20 ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوسکتا ہے۔ ایلرڈائس نے ڈی آر ایس  میں امپائر کال قانون کے بارے میں سوال پر کہا کہ ہم نے ٹیکنالوجی کو صرف بڑی غلطیوں کے ادراک کیلیے متعارف کرایا، اس کا مقصد فیلڈ امپائرز کے فیصلوں کو مکمل طور پر تبدیل کرنا نہیں ہے، ہم اس وقت اس معاملے میں جس جگہ پر موجود ہیں اس سے پوری طرح مطمئن ہیں۔

ایک سوال پر سی ای او نے واضح کیا کہ ہم حکومت پر کھلاڑیوں کی ویکسی نیشن کیلیے دباؤ نہیں ڈال سکتے، ہماری میڈیکل کمیٹی تمام بورڈز کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔

انھوں نے تسلیم کیا کہ کوویڈ نے خواتین کے کھیل کو بھی شدید متاثر کیا،گذشتہ  3، 4 برس کے دوران ہم نے ویمن کرکٹ پر بہت محنت کی، میلبورن میں تقریباً ہاؤس فل گراؤنڈ کے سامنے ٹی 20 ویمنز ورلڈ کپ کا آسٹریلیا اور بھارت میں فائنل ہوا، کوویڈ کی وجہ سے صورتحال متاثر ہوئی مگر اگلے 12 ماہ میں خواتین کرکٹ پر توجہ مرکوز رہے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔