ایک اور بھارتی اداکار نے اسلام کیلئے شوبز کو ترک کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 8 اپريل 2021
 میں نماز پڑھتا تھا لیکن کچھ کمی تھی اور وہ تھا سکون، ثاقب خان

میں نماز پڑھتا تھا لیکن کچھ کمی تھی اور وہ تھا سکون، ثاقب خان

ممبئی: بالی ووڈ کی سابق اداکاراؤں زائرہ وسیم اور ثنا خان کے بعد ایک اور بھارتی اداکار اور ماڈل ثاقب خان نے اسلام کے بتائے ہوئے سیدھے راستے پر چلنے کے لیے شوبز کو ترک کردیا۔

نوجوان بھارتی اداکار اور ماڈل ثاقب خان نے اسلام کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کے لیے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ کر سب کو حیران کردیا۔ ثاقب خان کا تعلق بھارت کے زیرانتظام جموں کشمیر سے ہے اور وہ ایک وکیل ہیں۔ انہیں شہرت ایم ٹی وی کے مشہور رئیلیٹی شو ’’روڈیز ریوولیوشن‘‘ میں منتخب ہونے سے ملی تھی۔ اس کے علاوہ وہ آلٹ بالاجی کی ویب سیریز ’’دل ہی تو ہے سیزن 3‘‘ میں بھی کام کرچکے ہیں۔

ثاقب خان نے چند روز قبل انسٹاگرام پر شوبز کو ترک کرنے کے حوالے پوسٹ کی۔ انہوں نے لکھا ’’اسلام و علیکم بھائیوں اور بہنوں! امید ہے آپ سب خیریت سے ہوں گے۔ آج کی پوسٹ میں میں اعلان کرنا چاہتاہوں کہ میں شوبز کو خیرباد کہہ رہاہوں۔ لہذا اب میں مستقبل میں نہ ہی ماڈلنگ کروں گا اور نہ اداکاری۔

ثاقب نے مزید کہا ایسا نہیں ہے کہ کام نہیں تھا میرے پاس یا میں نے کوشش ہی ترک کردی۔ بلکہ میرے پاس بہت اچھے پراجیکٹس تھے، بس اللہ کی مرضی نہیں تھی۔ضرور کچھ اچھا اور بہتر اللہ نے سوچا ہوگامیرے لیے انشااللہ۔ وہ (اللہ) بہترین منصوبہ بندی کرنے والا ہے۔ جہاں تک میں نے ممبئی میں  جدوجہد دیکھی ہے تو وہاں سروائیو کرنا بہت مشکل ہے۔ لیکن میں فخریہ کہہ سکتا ہوں کہ میں نے ایک سال کے قلیل عرصے میں نے بہت اچھی شہرت اور مداح حاصل کرلیے ہیں۔ لیکن وہ تو دنیا کے لیے ہے اور آخرت کے لیے کچھ بھی نہیں۔

ثاقب نے کہا میں نماز پڑھتا تھا لیکن کچھ کمی تھی اور وہ تھا سکون اور اللہ کے سامنے جوابدہ ہونا۔ لہذا اب میں مکمل طور پر اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوں۔ وہ سکون جس کی مجھے تلاش تھی وہ تو میرے سامنے تھا میری کتاب (قرآن پاک) میں۔

میں خدا کا بہت زیادہ شکراداکرتا ہوں کہ اس نے مجھے توبہ کا موقع دیا اور مجھے قبول کیا کیونکہ میں اپنی زندگی میں معجزات ہوتے دیکھ رہاہوں۔ مجھے مقدس کتاب قرآن پاک کو پڑھتے ہوئے بہت سکون ملا۔  ایک محاورہ ہے ’’100 چوہے کھا کے بلی حج کو چلی‘‘ لیکن ہر کسی کا حج قبول نہیں ہوتا۔

ثاقب خان نے اپنی پوسٹ کے آخر میں ان تمام لوگوں سے معافی کی درخواست کی جنہیں انہوں نے کبھی دانستہ اور نادانستہ طور پر دکھ پہنچایا ہو۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی دعائیں قبول کرے اور ہم پر اپنی رحمت برسائے رکھے آمین۔‘‘

واضح رہے کہ ثاقب خان سے قبل فلم دنگل میں اداکاری کرنے والی زائرہ وسیم اور اداکارہ ثنا خان بھی اسلام کے بتائے ہوئے سیدھے راستے پر چلنے کے لیے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ چکی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔